محمد آصف نے قومی اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

dزیادہ اسکور 132 کرنے پر 10 ہزار روپے کا خصوصی انعام بھی لے اڑے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

 کراچی:  سابق عالمی چیمپئن و سیکنڈ سیڈڈ محمد آصف نے سیڈ3 محمد بلال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-8 سے شکست دیکر 43 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

پاکستان اسنوکر ایسوسی ایشن کے تحت 43 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ کراچی جیمخانہ پر کھیلے جانے والے15 فریمز پر مشتمل فائنل میں سابق عالمی چیمپئن فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نے ساڑھے 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں سیڈ3 محمد بلال کو5-8 سے مات دیکر ایک مرتبہ پھر قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ منڈی بہاؤ الدین کے رہائشی محمد بلال نے اپنے مدمقابل کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ سابق عالمی چیمپئن کے تجربے کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگئے۔

اس فتح کے ساتھ ہی محمد آصف نے قومی چیمپئن بننے کے ساتھ قومی نمبر ون ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا، اس کامیابی کے بعد وہ قومی چیمپئن کی حیثیت سے34 ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کا حقدار قرار پائے، ایشین ایونٹ22 سے28 اپریل ایران کے شہر تبریز میں شیڈول ہے۔

قبل ازیں سیمی فائنل میں آصف نے وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے محمد ماجد علی کو3-6 سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں محمد بلال نے سیڈ8 بابر مسیح کو2-6 سے قابو کرکے ٹرافی پر نظریں مرکوز کی تھیں، فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا، طاہر احمد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع قومی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ، صدر منور شیخ، اعزازی سیکریٹری ذوالفقار علی رمزی، عرفان موٹن، ایم بی غوری، اور نوید کپاڈیہ سمیت دیگر بھی موجود تھے، محمد بلال نے رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 50 ہزار روپے کا انعام وصول کیا۔

دونوں سیمی فائنلسٹ کھلاڑیوں نے20، 20 ہزار روپے پائے جبکہ کوارٹر فائنل میں رسائی پانے والوں کو فی کس10ہزار روپے دیے گئے، چیمپئن شپ میں14 مرتبہ سنچری بریک کھیلی گئی۔

Scroll To Top