احتساب عدالت: اسحاق ڈار کی جائیدادیں ضبطگی کیخلاف دائر درخواست مسترد

  • فاضل جج نے ملزم کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جائیداد فروخت نہ کرنے بارے فیصلہ برقرار رہے گا
  • عدالت نے استغاثہ کے گواہ انعام الحق کو آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا،سماعت 23فروری تک ملتوی

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیدیا

اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 7 فروری کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی سے متعلق چیئرمن نیب کے فیصلے کی توثیق کی تھی تاہم سابق وفاقی وزیرخزانہ نے اس فیصلے کو چیلنج کردیا تھا۔ فیصلہ سناتے ہوئے احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ جائیداد ضبطگی کا فیصلہ یہ تھا کہ جائیداد فروخت نہ کی جائے۔جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ عدالت کا وہ فیصلہ برقرار رہے گا، جائیداد فروخت نہیں کی جا سکتی۔اس سے قبل احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے سلسلے میں قائم کیے گئے نیب ریفرنس کے حوالے سے تفتیشی افسر کا بیان آج بھی ریکارڈ نہیں ہوسکا۔مذکورہ کیس کی 12 فروری کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءکا بیان قلمبند کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس عدالت میں پیش ہوئے اور ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر کے علاوہ صرف ایک گواہ انعام الحق باقی ہے جس کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گواہ کی طبیعت خراب تھی، لیکن اب وہ بہتر ہے مگر اس کے باوجود پیش نہیں ہوا۔پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ گواہ کو طلب کیا جائے ، بےشک عدالت وارنٹ گرفتاری جاری کر دے جس پر احتساب عدالت کے جج نے گواہ انعام الحق کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ کے گواہ کو پیش ہونے کےلئے آخری موقع دے رہے ہیں۔عدالت نے گواہ کو بیان ریکارڈ کرانے کےلئے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اور ریمارکس دیئے کہ بہتر ہوگا کہ ضمنی ریفرنس کے بعد ایک ہی بار تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ کر لیا جائے۔بعدازاں اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

Scroll To Top