دپیکا باکس آفس کوئین بن گئیں

aدپیکا پڈوکون کی مجموعی طور پر 7 فلمیں 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئیں۔ ،فوٹو:فائل

 ممبئی: فلم ’پدماوت‘ کے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے سے دپیکا پڈوکون کو بالی ووڈ میں سب سے زیادہ 100 کروڑ کی فلمیں کرنے والی اداکارہ کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ 

بالی ووڈ کی متنازع  فلم قرار دی جانے والی ’پدماوت‘ نے ریلیز ہوتے ہی تہلکہ مچادیا فلم میں جہاں رنویرسنگھ کے منفی کردار کو سراہا جارہا ہے وہی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کے اداکاری کے بھی چرچے ہیں جب کہ فلم نے صرف 4 روز میں ہی 100 کروڑ کلب میں انٹری مارلی یوں یہ دپیکا پڈوکون کی ’100 کروڑ‘ کا بزنس کرنے والی ساتویں فلم ہوگئیں اور اس طرح انہوں نے کرینہ کپور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جن کی 6 فلمیں اب تک اس کلب میں شامل ہیں۔ بزنس کے اعتبار سے دپیکا کی کامیاب فلمیں درج ذیل ہیں۔

’پدماوت‘

بالی ووڈ انڈسٹری کی سب سے زیادہ متنازع سمجھے جانے والی فلم ’پدماوت‘ نے تاریخی موضوع پر مبنی کہانی کی وجہ سے بھارت بھر میں جہاں ہنگامے برپا کیے وہیں یہ بھی سمجھا جا رہا تھا کہ فلم کبھی بھی ریلیز نہیں ہوسکے گی لیکن فلم نے ریلیز ہونے کے بعد انڈسٹری میں ایسی ہلچل مچائی کہ ایک ہی ہفتے میں 114 کروڑ کا بزنس کرکے مخالفین کے منہ بند کردیئے۔

’چنائے ایکسپریس‘

50 کروڑ روپے سے زائد کے بجٹ سے بننے والی دپیکا اور شاہ رخ کی فلم ’چنائے ایکسپریس‘ نے باکس آفس پر ایسا جادو چلایا کہ سلمان خان کی فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ سمیت  بالی ووڈ کے متعدد فلموں کے ریکارڈ توڑے اور 170 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے نیا رکارڈ قائم کیا تھا۔

’ رام لیلا‘

دپیکا اور رنویر سنگھ کی فلم ”رام لیلا“ کا نام ہندوؤں کے ساتویں بھگوان”رام “ کی زندگی کی ایک کہانی سے ماخوز ہے جس کو  2013 میں عدالت کی جانب سے مذہبی جذبات مجروع کرنے کے جرم کی وجہ سے ریلیز کرنے سے روک دیا گیا تھا تاہم فلم نے 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرکے ناقدین کے منہ بند کروائے۔

’ہیپی نیو ایئر‘

2014 میں فرح خان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں دپیکا کے ہمراہ کنگ خان اور ابھیشیک بچن نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن دپیکا نے اپنی جاندار اداکاری سے فلم میں ایسی جان ڈالی کہ ریلیز کے 3 دن میں 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہوئی جب کہ فلم نے مجموعی طور پر 203 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

’یہ جوانی ہے دیوانی‘

بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے ساتھ ہلچل مچانے والی دپیکا نے اس فلم میں جاندار اداکاری سے سب کو اپنا گرویدہ بنایا اور فلم کو بہترین کہانی کی وجہ سے اتنا پسند کیا گیا کہ ریلیز کے ایک ہفتے میں ہی فلم نے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔

’باجی راؤ مستانی‘

فلم باجی راؤ مستانی میں دپیکا اور رنویر نے اپنی رومانوی اداکاری سے ثابت کردیا کہ باکس آفس پر ان کی جوڑی کامیاب ترین جوڑی ہے  جب کہ معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم نے باکس آفس پر ایسا روپ جمایا کہ شاہ رخ اور کاجول کی فلم ’دل والے‘ کو بھی پیچھے چھوڑا اور 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی۔

’ریس ٹو‘

دپیکا پڈوکون کی تھرلر فلم ’ریس ٹو‘ بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی اور یہ فلم بھی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی۔

Scroll To Top