’’ارتھ 2‘‘اور’’رنگریزا‘‘میں آج کانٹے دارمقابلہ

bفلموں کامعیاربہترہونا اور تشہیر کیلیے بجٹ رکھناخوش آئندہے،حمائمہ ملک

 لاہور:  پاکستان فلم انڈسٹری کی سپورٹ کیلیے بنائی جانیوالی دوفلموں میں آج کانٹے دارمقابلہ شروع ہوگا۔

فلم ’ارتھ ٹو‘ کی کاسٹ میں ورسٹائل اداکارشان، حمائمہ ملک، محب مرزا اور عظمیٰ حسن شامل ہیں، جبکہ ’’رنگریزا‘‘ میں اداکارہ عروہ حسین، غنا علی اور دیگر شامل ہیں۔ دونوں فلموں کے فنکارگزشتہ ایک ماہ سے بھرپور تشہیری مہم چلا رہے تھے اوراس دوران انھوں نے لاہور، کراچی، اسلام آباد کے علاوہ دیگرمقامات کے مختلف اسکول، کالج، شاپنگ مال اور نجی چینلزکے پروگراموں میں بھی شرکت کرتے ہوئے اپنی فلموں کو پروموٹ کیا۔ اس حوالے سے اداکارہ حمائمہ نے ’’ ایکسپریس ‘‘ کوبتایاکہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ اب ہمارے ملک میں بننے والی فلموں کا جہاں معیاراچھا ہوا ہے، وہیں ان کی تشہیر کیلیے بھی باقاعدہ بجٹ رکھا جا رہا ہے۔

ہم نے ایک انٹرنیشنل معیار کی فلم کا زبردست پروموشن کیا اورمجھے امید ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد ہماری کاوش کوسراہنے کیلیے سینماگھروں کا رخ کرینگے۔ دوسری جانب ’’رنگریزا‘‘ میں اہم کردارنبھانے والی اداکارہ غنا علی نے کہا کہ فلموں کے معیار میں حیرت انگیز تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک طرف پڑھے لکھے نوجوان اس شعبے کواپنا رہے ہیں اوردوسری جانب فلموں کوبین الاقوامی معیار کے مطابق تیارکیا جارہاہے، جوکہ بہت اچھی بات ہے۔ اسی طرح سے پاکستان فلم انڈسٹری میں بہتری ہوگی اوربحالی کا عمل بھی تیز ہوگا۔

Scroll To Top