پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کا علم بلند کیا، بلاول بھٹوزرداری

  • شہیدبے نظیرنے آخری سانسوں تک جدوجہد کا علم گرنے نہیں دیا‘ چیئرمین پیپلز پارٹی

فیصل آباد۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری صنعتکاروں سے خطاب کر رہے ہیں

نوشہروفیروز(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی جمہوریت کا علم بلند کیا،شہید بی بی غریبوں کی خوشحالی،جمہوریت کی بحالی ،دہشت گردوں کو للکارنے اور آئین کی پاسداری کیلئے واپس آئیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پڈعیدن میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کارکنان اور عوامی اجتماع سے ویڈیو لنک ھولوگرام کے زریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں سے کراچی سے کشمور تک بی بی شہید کا قافلہ نہ کا ہے نہ رکے ،بی بی شہید ایک نوید بن کر آئیں مگر آمر اور اسکے حواریوں اور دہشت گردوں کو یہ منظور نہ تھا اور جب بی بی شہید نے 18 اکتوبر کو اس دھرتی پر قدم رکھا تو انہیں روکنے کیلئے انکے قافلے پر دھماکوں کے ذریعے خوفناک حملہ کیا مگر وہ پھر بھی نہیں ڈری اور ملک کے کونے کونے میں عوام کے پاس گئیں ہر جگہ آمر اور دہشت گردوں کو للکارتی رہیں ، بی بی شہید کو اپنے عظیم باپ کے وہ الفاظ کبھی نہیں بھولے جو انہوں نے موت کی کال کو ٹھڑی سے ایک خط کے ذریعہ لکھے تھے کہ تم اس وقت تک اپنی دھرتی کا دفاع نہیں کر سکتے جب تک اپنی دھرتی کی خوشبو سے واقف نہ ہو وہ 30 سال تک اس دھرتی کا دفاع کرتی رہیں لڑتی رہیں جب وہ اقتدار میں تھی اس وقت بھی اور اپوزیشن میں بھی جمہوریت کی بقا کیلئے لڑتی رہیں انہوں نے آخری سانسوں تک جدوجہد کا علم گرنے نہیں دیا اب وہ ہی علم میں نے تھام لیا ہے انکی جدوجہد کو اب میں جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی 27 دسمبر کو 10ویں برسی کے موقع پر ملک بھر سے عوام لاڑکانہ میں اکٹھی ہو کر ثابت کر یں گے کہ بی بی شہید کا قافلہ نہ روکا ہے نہ روکے گا ۔پی پی کی مقبولیت نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں ۔مخالفین اب اوچھی حرکتوں پر اتر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ بی بی شہید اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر وطن واپس آئیں اور شہید ہوئیں ۔عوامی رابطہ مہم میں پی پی نواب شاہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ممتاز چانڈیو، فیروز جمالی،نوشہرو فیروز کے انفارمیشن سیکرٹری خان محمد اعوان ، ٹاﺅن کمیٹی پڈعیدن کے چیئرمین شکیل احمد راجپر ، عبدالحکیم آرائیں ، چوہدری شبیر حسین آرائیں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

بزدل دہشت گرد اور آمروں نے میری ماں کو نشانہ بنایا اور ان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیئے خوفناک حملے کروائے مگر وہ پیچھے نہ ہٹیں،بلاول بھٹو
شہید رانی ملک میں جمہوریت کی بحالی کے ساتھ ساتھ آئین کی پاسداری کے لیئے اپنے ملک واپس آئیں جو دہشتگردوں اور آمروں کو ہر گز منظور نہ ہوااور انہیں شہیدکردیا، جدید ٹیکنالوجی ہولوگرام کے ذریعے مختلف اضلاع میں اجتماعات سے خطاب
جاتی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ بزدل دہشت گرد اور آمروں نے میری ماں کو نشانہ بنایا اور ان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیئے ان پر کتنے ہی خوفناک حملے کروائے مگر وہ پیچھے نہ ہٹیں،بی بی شہیدکئی سالوں تک اپنی دھرتی کا دفاع کرتی رہیں اور جمہوریت کے استحکام کے لیئے بھی اپنا کردار ادا کیا،شہید رانی ملک میں جمہوریت کی بحالی کے ساتھ ساتھ آئین کی پاسداری کے لیئے اپنے ملک واپس آئیں جو کہ دہشتگردوں اور آمروں کو ہر گز منظور نہ ہوااور انہیں شہیدکردیا۔انہوں نے پاکستان میں آکر جمہوریت کی بحالی کے لیئے اپنا کردار ادا کیا،اس سال شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا دسواں یوم شہادت منایا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جدید ٹیکنالوجی ہولوگرام کے ذریعے مختلف اضلاع میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو پتا تھا کے انہیں شہید کردیا جائے گا۔مگر انہوں نے شہادت کو قبول کرتے ہوئے اپنے ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا۔محترمہ بینظیر بھٹو کئی سال کے عرصے تک اپنی دھرتی کا دفاع کرتی رہیں ۔حکومت اور اپوزیشن میں بھی جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی کے لیئے اہم کردار ادا کیا۔شہید رانی دسمبر کے دن بزدل دہشت گردوں کے وار کا نشانہ بن گئیں مگر جدوجہد کے پرچم کو نیچے گرنے نہیں دیا۔میں نے شہید رانی کے پرچم کو اپنے ہاتھوں میں تھام لیا ہے،میری جدوجہد غریب عوام کے لیئے ہے۔میں شہید رانی کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاﺅںگا۔شہید رانی کے اصول ہی میرے اصول ہیںاوران کو جاری رکھوںگا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ شہید رانی بزدل دہشت گردوں کا نشانہ بنی اور میں ان کی تعبیر کو پورا کروںگا۔انہوں نے کہاکہ شہید رانی کے 10 ویں یوم شہادت کے موقع پر سندھ کی عوام شہیدرانی اوران کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیئے گڑھی خدابخش کا رخ کرے گی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر محمد علی ملکانی،عبدالستار لوہار،صوبائی معاون ریحانہ لغاری،سورج سجاولی،بابو رحیم،علی محمد میمن،منظور پلیجو اور دیگر نے بھی خطاب کیااور کہاکہ ضلع سجاول سے ہزاروں گاڑیوں کا قافلہمحترمہ بے نظیربھٹوکی برسی میں شرکت کرے اور شہیدوں کے مزار پر حاضری بھی دے گا۔

Scroll To Top