دھمکیوں کے باوجود فواد خان اب بھی بالی ووڈ کی پہلی پسند

eہدایت کاراکشت ورما کی پہلی پسند سیف علی خان کے بجائے فواد خان تھے؛ فوٹوفائل

 ممبئی: ہندو انتہا پسندوں کے ڈر سے بالی ووڈ کے ہدایت کاراور فلمساز پاکستانی فنکاروں کو کام دینے سے ہچکچاتے ہیں لیکن صورت حال یہ ہے کہ پاکستانی فنکار بالخصوص فواد خان اب بھی ان کی پہلی پسند ہی ہیں۔

اداکار سیف علی خان گزشتہ کئی عرصے سے اپنی فلم ’ کالا کاندی‘ کے باعث خبروں میں ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فلم کے جاری ہونے والے پوسٹر میں سیف علی خان کا انداز نہایت نرالا اور منفرد تھا۔ تاہم آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس فلم کے لیےہدایت کار کی پہلی پسند سیف نہیں بلکہ فواد خان تھے۔

اس بات کا اعتراف خود فلم کے ہدایت کار اکشت ورما نے کیا ہے کہ وہ اپنی فلم میں فواد خان کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگنے والی پابندی کے باعث وہ اپنی فلم میں فواد خان کو نہیں لے سکے اور ان کی جگہ سیف علی خان کو یہ کردار مل گیا۔ اکشت کا کہنا ہے کہ اب انہیں اس بات کا احساس ہورہا ہے کہ فلم کے لیے سیف علی خان بہترین انتخاب تھے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ فلم کی کہانی لکھتے وقت ابتدا میں سیف علی خان ہی ان کے ذہن میں تھے۔

اکشت نے سیف علی خان کو فلم میں سائن کرنے کے حوالے سے دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیف کو پیغام بھیجا تھا کہ وہ انہیں اپنی فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں لیکن سیف کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، بعد ازاں انہوں نے سیف علی خان سے براہ راست ملنے کا فیصلہ کیا سیف علی خان سے ملاقات کے لیے تقریباً دو سال کا عرصہ لگ گیا اس وقت انہوں نے یہ پیغام سنبھال کررکھا ہوا تھا۔ فلم کی پروڈیوسرعاشی دعا نے سیف کو اسکرپٹ بھیجا تھا جسے پڑھنے کے بعد انہوں نے فلم کے لیے ہاں کہہ دی اورانہیں ’ہاں‘کہنے میں محض 5 منٹ لگے۔

واضح رہے کہ فلم ’کالا کندی‘کی کہانی 6 کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو مختلف پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ فلم میں سیف علی خان  کے علاوہ دیپک ڈوبریال، وجے راز، کنال روئےکپور، سوبھیتا، اکشے اوبروئے، ایشا تلوار، شہناز، شیوم پٹیل، عمائرا اور نیل بھوپالم اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم 12 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

Scroll To Top