بجلی بحران خاتمے کے حوالے سے قوم ہماری حکومت کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شہباز شریف

  • حکومت نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں کے راستے پرگامزن کیا،1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا
  • دھرنوں کی آڑ میں معیشت کے ساتھ گھناﺅنا کھیل کھیلا گیا ،قوم اندھیروں میں دھکیلنے اورملکی ترقی روکنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب

شہباز شریف

لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یادرکھے گی،وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں معیشت کے ساتھ گھناﺅنا کھیل کھیلا گیا ،قوم اندھیروں میں دھکیلنے اورملکی ترقی روکنے والوں کو کبھی قوم معاف نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے وسائل لوٹے، بجلی بحران پرتوجہ نہیں دی اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں غربت،افلاس ،بےروزگاری اوراندھیرے ہیں انہی کرپٹ زدہ حکمرانوں نے قوم کو تاریکی کے تحفے دیے اور نندی پور پاورپلانٹ بھی ان ہی لٹیروں کی ہوس زر کا شکار ہواجبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں کے راستے پرگامزن کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے عالمی ریکارڈ بن رہے ہیں،1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا،قوم کو بجلی بحران سے نکالنا مسلم لیگ (ن) کا تاریخی کارنامہ ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں معیشت کے ساتھ گھناﺅنا کھیل کھیلا گیا قوم اندھیروں میں دھکیلنے اورملکی ترقی روکنے والوں کو کبھی قوم معاف نہیں کرے گی۔

Scroll To Top