ویرات کوہلی اب سلمان خان کے ہمراہ میوزک وڈیو میں کام کریں گے

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بلے باز ویرات کوہلی رقص بھی بہت اچھا کرتے ہیں اور اپنی اسی مہارت کو وہ سلمان خان کے ہمراہ ایک میوزک وڈیو میں سامنے لائیں گے۔

بالی ووڈ اور بھارتی کرکٹ کا چولی دامن کا ساتھ ہے، کبھی فلم نگری کے معروف اداکارائیں کرکٹرز کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئیں تو کئی کرکٹرز ایسے بھی تھے جنہوں نے فلم نگری میں بھی چوکے چھکے مارنے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی کامیاب نہ ہوسکا، چاہے وہ نواب پٹودی منصور علی خان ہوں، سنیل گواسکر یا پھر کپل دیو، حالیہ دور کے کھلاڑیوں میں اجے جدیجا ، ونود کامبلی اور آسٹریلین بولر بریٹ لی بھی اس فہرست میں شامل ہیں، ان تمام کے بعد اب بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی اس گلیمرس دنیا میں شامل ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی اور سلمان خان بیلجیم کے معروف گلوکاروں دمیتری ویگاس اور لائک مائک کی ایک وڈیو میں رقص کرتے نظر آئیں گے۔ دونوں گلوکار اکتوبر میں ایک میوزک کنسرٹ کے سلسلے میں ممبئی آئیں گے، اور اسی دوران وہ بیلجئین گلوکاروں کے اس سلسلے میں تمام معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

میوزک وڈیو سے متعلق بیلجئین موسیقار دمیتری ویگاس کاکہنا ہے کہ ہم ایسے وڈیو ٹریک پر کام کررہے ہیں جس میں ان تمام باتوں کو اجاگر کیا جائے گا جس کی وجہ سے بھارت دنیا میں جانا جاتا ہے مثال کے طور پر فلمیں ، موسیقی اور کھیل۔ سلمان خان اور ویرات کوہلی بھی اس سلسلے میں ہماری مدد کررہے ہیں۔

Scroll To Top