سری لنکا کا پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے انکار

kسری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر اپنی ٹیم لاہور بھیجنے سے انکار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے انکار کردیا جس کی تصدیق چیرمین پی سی بی شہریار خان کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار گزشتہ ہفتے لاہور میں ہونے والے دھماکے کے بعد کیا گیا ہے۔

شہر یار خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میٹنگ کے دوران اپنے سری لنکن ہم منصب سے کہا تھا کہ دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم کو لاہور بھیجیں جس پر انہوں نے اپنی حکومت سے کلیرنس ملنے کے بعد ٹیم بھیجنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے پر حیران ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے دنیا میں ہر جگہ ہورہے ہیں لیکن کھیلوں کی سرگرمیاں پھر بھی جاری ہیں، اس لیے صرف پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی درست نہیں۔

شہر یار خان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا کامیاب انعقاد کیا جس میں بہترین سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی ماہرین نے خود لاہور میں آکر سیکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا تھا۔

چیرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنی پر مشتمل سیریز اکتوبر اور نومبر میں دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

Scroll To Top