آئیفا ایوارڈز کا میلہ شاہد کپور اورعالیہ بھٹ نے لوٹ لیا

m
فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کیلئے شاہد کپور کو بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا؛فوٹوفائل

امریکی شہر نیویارک میں سجنے والے 18 ویں آئیفا ایوارڈز کا میلہ بالی ووڈ کے نامور اداکار شاہد کپور اور عالیہ بھٹ نے لوٹ لیا فلم’’اڑتا پنجاب‘‘ کیلئے شاہد کپور کو بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

امریکی شہرنیویارک میں بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین آئیفا ایوارڈز کا میلہ سجا جس میں بالی ووڈ کے تمام بڑے اسٹارز نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے تقریب کے دوران اداکاروں کی شاندار پرفارمنس اور دیدہ زیب ملبوسات شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

آئیفا کی رنگا رنگ تقریب میں بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ، کترینہ کیف، دپیکا پڈوکون،شبانہ اعظمی شاہد کپور، سیف علی خان، کرن جوہر، انوپم کھیر اور معروف موسیقار اے آر رحمان سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی، اس دوران جہاں اداکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا وہیں بالی ووڈ میں  بہترین کام کرنے پرمختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ دینے کا سلسلہ بھی جاری تھا۔

شاہد کپوراورعالیہ بھٹ کو فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کیلئے  بہترین اداکاراور اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شبانہ اعظمی کو فلم ’’نیرجا‘‘ کیلئے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیاگیا۔

انوپم کھیر کو فلم ’’ایم ایس دھونی: ان کہی کہانی‘‘ کیلئے بہترین معاون اداکار کاایوارڈ دیاگیا۔

جم ساربھ کوفلم ’’نیرجا‘‘ کیلئے  بہترین منفی اداکار کیلئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انوریدھا رائے کو فلم ’’پنک‘‘ کیلئے  بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیاگیا۔

دیشاپٹنی  کو فلم ’’ایم ایس دھونی: ان کہی کہانی‘‘ کیلئے بہترین نئی اداکارہ کیلئے منتخب کیا گیا۔

دلجیت دوسانجھ کو فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کیلئے بہترین نئے اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ورون دھون فلم ’’ڈھشوم‘‘ کیلئے بہترین مزاحیہ اداکار کا ایوارڈ لے اڑے

سونم کپور کی فلم ’’نیرجا‘‘ کو بہترین فلم کا ایوارڈ ملا۔

اور نامور موسیقار اے آر رحمان کو بالی ووڈ میں میوزک کیلئے 25 سالوں تک خدمات انجام دینے کیلئےایوارڈ سے نوازا گیا۔

 

Scroll To Top