ملک سب سے پہلے باقی سب بعدمیں، آرمی چیف

  • ہم نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابی کیلئے طویل سفرطے کیا ہے، اپنی کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ تمام منفی محرکات کو ختم کر کے ریاست کو مستحکم کیا جا سکے، پنوں عاقل چھاﺅنی کے دورے کے دوران خطاب
  • کراچی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس،متعلقہ حکام کی طرف سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے کی داخلی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ، کراچی سینٹرل جیل سے ہائی پروفائل دہشتگردوں کے فرار کا معاملہ بھی زیربحث آیا
کراچی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

کراچی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

پنوں عاقل / راولپنڈی(این این آئی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج بے غرض لگن اور عزم کے ذریعے پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی،پاکستان نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابی کیلئے طویل سفر کیا ہے۔ ہمیں اب اپنی کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ تمام منفی محرکات کو ختم کر کے ریاست کو مستحکم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو پنوں عاقل گیرژن کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور داخلی سیکیورٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے انکی تیاریوں کی حالت اور داخلی سلامتی کیلئے انکے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حال ہی مکمل ہونیوالی چھٹی خانہ و مردم شماری میں انکی کارکردگی اور دیگر داخلی سیکیورٹی ذمہ داریوں کے حوالے سے انکے کردار کو سراہا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ فوج بے غرض لگن اور عزم کے ذریعے پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہلے آتا ہے اور ہم خود بعد میں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابی کیلئے طویل سفر کیا ہے۔ ہمیں اب اپنی کامیابیوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ تمام منفی محرکات کو ختم کر کے ریاست کو مستحکم کیا جا سکے ۔ قبل ازیں پنوں عاقل پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر کراچی کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور جی او سی پنوں عاقل نے کیا ۔ بعد ازاں آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔ سیکریٹری داخلہ سندھ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے بھی امن و امان پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیف سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں دیرپا امن کیلئے مزید اقدامات پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے کی داخلی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کراچی سینٹرل جیل سے ہائی پروفائل دہشتگردوں کے فرار کا معاملہ بھی زیربحث آیا اور اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے ممکنہ اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی تعریف کی گئی۔

Scroll To Top