کیا ابوجہل اور ابو لہب نے آنحضرت ﷺ کے پیغام کو آغاز میں ہی متنازعہ نہیں بنا دیا تھا ؟

aaj-ki-baat-new-21-aprilوزیراعظم کے سمدھی اور پاکستان کے وزیر خزانہ نے جے آئی ٹی کے سامنے سب سے کم وقت گزارنے کا ریکارڈ قائم کیا۔۔۔ صرف 45منٹ اندر رہ کر جب وہ باہر آئے تو عمران خان کے خلاف نہایت ہی جوشیلی ` غصے اور گالیوں سے بھری ایسی تقریر کرڈالی جسے یاد کرنے پر انہوں نے کافی وقت صرف کیا ہوگا اور جو انہوں نے اپنی صبح والی ملاقات میں وزیراعظم کو بھی سنائی ہوگی۔۔۔
مجھے یوں لگا کہ وہ وزیراعظم اور ان کے دیگر وزراءکی طرح اپنے آپ کو یقین دلا چکے ہیں کہ آج کے پاکستان میں سکہ ہی عمران خان کا چلتا ہے ۔۔۔عمران خان ہی چیف جسٹس ہیں ` عمران خان ہی جسٹس کھوسہ اور جسٹس گلزار ہیں ` عمران خان ہی جسٹس عظمت سعید ` جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس اعجاز افضل ہیں۔۔۔ عمران خان ہی جے آئی ٹی ہیں اور عمران خان ہی چار ستاروں والی وہ یونیفارم پہنے ہوئے ہیں جو میاں نوازشریف کے لئے سوہان روح بنی رہتی ہے۔۔۔
جناب اسحاق ڈار نے پاناما کیس کو نان اِشو اور پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ کھیل تماشہ ختم ہونا چاہئے۔۔۔
کون نہیں جانتا کہ اس کھیل تماشے کے پیچھے سپریم کورٹ آف پاکستان ہے۔۔۔ اور یہ ” سازش “ اب مہینوں پر محیط کہی جاسکتی ہے۔۔۔؟
حدییہ پیپر ملزوالے اقبالی اور ” وعدہ معافی “ بیان کے حوالے سے انہوں نے صرف اتنا کہا کہ اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔۔۔ وہ اقبالی بیان انہوں نے دباﺅ میں دیا تھا۔۔۔
گویا جناب اسحاق ڈار نے ایک بیان اپنی گردن بچانے کے لئے دیا۔۔۔ ایک بیان اب میاں نوازشریف کے چہرے پر رونق لانے کے لئے دیا ہے۔۔۔ اب صرف ایک بیان باقی رہ گیا ہے جو انہوں نے سچ مچ اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر سمجھ کر دینا ہے۔۔۔
کہنے کو سب ہی اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر ہی قرار دیتے ہیں۔۔۔مگر گہنگاروں کا اللہ تعالیٰ بھی وہی ہو جس اللہ تعالیٰ سے ہم جیسے عام لوگ ڈرتے رہتے ہیں تو پھر پاناما کیس جیسی کہانیاں ہی کیوں جنم لیں۔۔۔؟
ہمارے کامران خان بھی اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر ہم پر خبروں اور تھیوریوں کی بوچھاڑ کیا کرتے ہیں۔۔۔
ان کی منطق آج کل یہ ہے کہ جو عمل متنازعہ ہوجائے اُس سے دستبردار ہوجانا چاہئے۔۔۔ اور چونکہ پاناما کیس کے ملزمان جے آئی ٹی کو متنازعہ قرار دے چکے ہیں اِس لئے اِس کا کوئی فائدہ نہیں رہا۔۔۔
پھر تو کسی قاتل کو بھی پھانسی نہیں دی جاسکتی کیوں کہ ہر قاتل مقدمے کو متنازعہ قرار دے ڈالے گا۔۔۔
اور ابوجہل اور ابو لہب وغیرہ نے آغاز میں ہی آنحضرت ﷺ کے پیغام کو متنازعہ بنا دیا تھا!
اللہ اس قوم کو اس کے کھرب پتی لیڈروں اور ارب پتی دانشوروں سے بچائے!

Scroll To Top