سلمان خان کا ’’دبنگ تھری‘‘ سے متعلق اہم فیصلہ

bفلم ’’دبنگ‘‘ کے دونوں سیکوئل میں سوناکشی سنہا نے اہم کردار ادا کیا تھا ۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: دبنگ خان نے اپنے بھائی ارباز خان کی فلم ’دبنگ‘ کے تیسرے سیکوئل کے لیے شوٹنگ کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ 

ویسے تو مداحوں کو سلو میاں کی ہر فلم کا ہی بے صبری سے انتظار رہتا ہے کیوں کہ ان کی فلمیں ایکشن اور مزاح سے بھرپور ہوتی ہیں اب وہ چاہے ’وانٹیڈ‘، ’بجرنگی بھائی جان‘، ایک تھا ٹائیگر‘ ہو یا پھر ‘سلطان‘ ان کے ہر کردار کو دل کھول کر سراہا گیا مگر فلم ’دبنگ‘ میں چلبل بانڈے کے کردار نے مداحوں پر ایسی دھاک بٹھائی کہ دونوں سیکوئل کی کامیابی کے بعد اب تیسرے کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے۔

پچھلے دنوں سلمان خان اور ارباز خان کے درمیان ’دبنگ تھری‘ کی شوٹنگ کو لے کر کچھ ناراضگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں جس میں کہا گیا کہ دبنگ خان نے اپنے بھائی کو فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد کا وقت دیا تھا مگر اس کے بعد انہوں نے پرابھو دیوا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’وانٹیڈ‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ کی حامی بھرلی  جس پر ارباز خان ناراض ہوگئے تھے مگر اب سلو میاں نے اپنے بھائی کی ناراضگی دور کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ایک انٹریو میں دبنگ تھری کی شوٹنگ کے لیے تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے 2 سال کے پروجیکٹس سائن ہوچکے ہیں اور اس فلم کا اسکرپٹ بھی تیار ہے تو اس وقت ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی شوٹنگ جاری ہے جو مکمل ہوتے ہی ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کی فلم کی شوٹنگ شروع کریں گے، جس میں سلو میاں پہلی بار ڈانسر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ریمو کی فلم مکمل ہوتے ہی ’بھارت‘ اور ’دبنگ تھری‘ کی شوٹنگ کا آغاز ایک ساتھ ہوگا چونکہ ’بھارت‘ کی شوٹنگ مخلتف حصوں پر مشتمل ہوگی اور اس درمیان کچھ گیپ آئیں گے جس میں ہمیں وقت مل جائے گا اور ’دبنگ‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی جائے گی۔

واضح رہے کہ فلم ’’دبنگ‘‘ کے  دونوں سیکوئل میں سوناکشی سنہا نے اہم کردار ادا کیا تھا مگر اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ تیسری سیکوئل میں شاید انہیں کاسٹ نہ کیا جائے یا ان کا کردار محدود کردیا جائے گا۔

Scroll To Top