کیا یہ فون گلیکسی ایس 8 کو شکست دے سکے گا؟

000اگر ایپل اور سام سنگ کے مقابلے میں کسی کمپنی کے فونز کو پیش کیا جاتا ہے تو وہ ون پلس ہے جس کا نیا فلیگ شپ فون آئندہ ہفتے متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس چینی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا فلیگ شپ فون ون پلس فائیو 20 جون کو پیش کیا جائے گا۔

اس فون کے سامنے آنے سے پہلے ہی اینڈرائیڈ پولیس نے اس کی جھلک پیش کردی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ڈوئل کیمرہ فون ہے جبکہ یہ بلیک رنگ میں بھی دستیاب ہوگا۔

اس فون کے دیگر فیچرز میں گلیکسی ایس ایٹ کی طرح کوالکوم کا طاقتور ترین اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر قابل ذکر ہے جبکہ کیمرے کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ون پلس ڈی ایکس او نامی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

یہ فون دیکھنے میں آئی فون سیون پلس جیسا نظر آتا ہے اور کمپنی اپنی ڈیوائسز کو ماضی میں آئی فون کلر قرار دیتی رہی ہے۔

اس فون کے فرنٹ پر فنگر پرنٹ ریڈر موجود ہے جبکہ 8 جی بی ریم، 3600 ایم اے ایچ بیٹری اور تیز ترین چارجنگ کے لیے ڈیش چارجنگ سسٹم دیئے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ گلیکسی ایس ایٹ کی طرح ون پلس فائیو بھی بیزل لیس فون ہوگا۔

فون میں 3.5 ایم ایم ہیڈ فون جیک بھی ہوگا تاہم یہ فون گلیکسی ایس ایٹ کی طرح واٹر پروف نہیں ہوگا۔

ون پلس کے فون سام سنگ اور آئی فون کے مقابلے میں کافی سستے ہوتے ہیں جیسے اس کا گزشتہ فلیگ شپ فون ون پلس تھری ٹی 439 ڈالرز کا تھا تاہم ون پلس فائیو کی قیمت 650 ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے۔

Scroll To Top