کیا آپ بھی اکثر پریشان رہتے ہیں؟

udasکیا آپ اکثر مختلف چیزوں کو لے کر فکر مند رہتے ہیں؟ اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ بظاہر یہ بری عادت آپ کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق فکر مند رہنا بدترین حالات میں جذباتی طور پر تیار رکھتا ہے بلکہ یہ صحت مند رویوں کو اپنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ بہت زیادہ فکرمند رہتے ہیں وہ اپنے دفاتر یا تعلیمی اداروں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جبکہ مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے بھی زیادہ کامیاب ثابت ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اگرچہ فکرمند رہنا اچھا نہیں سمجھا جاتا مگر یہ عادت ایک طرح سے تحفظ فراہم کرتی ہے کیونکہ ذہنی طور پر فکر مند افراد تحفظ اور طبی مشوروں پر زیادہ عمل کرتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ جو خواتین بیشتر وقت پریشان رہتی ہیں، وہ اپنی صحت کا بھی زیادہ خیال رکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایسی حالت میں لوگ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرتے ہیں تاکہ وہ اچھا محسوس کرسکیں۔

اسی طرح مستقبل کے بارے میں فکرمند رہنا لوگوں کو بری خبروں کے لیے تیار رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اچھی خبر بہت زیادہ اچھی محسوس ہوتی ہے۔

تاہم محققین نے خبردار کیا کہ حد سے زیادہ پریشان رہنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے جو کہ ڈپریشن، ناقص جسمانی صحت اور ذہنی امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

(یہ تحقیق طبی جریدے سوشل اینڈ پرسنلٹی سائیکولوجی کمپاس میں شائع ہوئی)

Scroll To Top