آصف علی زرداری کا ایڈریس اور شجرہ

kuch-khabrian-new-copyاگر جناب آصف علی زرداری نے مردان کے جلسے میں ایک سنسنی خیز انکشاف نہ کیا ہوتا تو میرا آج کا موضوع صرف اور صرف یونس خان ہوتا۔ پاکستان کے اس مایہ ناز بیٹسمین نے ہمیں ایک اور موقع فراہم کیا ہے کہ ہم پاکستان پر ناز کریں۔ وہ کرکٹ کی عالمی تاریخ میں دس ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے 13کھلاڑی بن گئے ہیں۔ مطلب اس بات کا آسان الفاظ میں یہ ہے یونس خان کرکٹ کے تیرہویں آل ٹائم بڑے بیٹسمین ہیں۔ جن لوگوں نے یونس خان سے پہلے پاکستان کو سر بلند کیا ہے ان میں عمران خان،وسیم اکرم ، جاوید میاں داد، انضمام الحق، ظہیر عباس، وقار یونس ، عبدالقادر، ماجد خان ، محمد یوسف ، حنیف محمد اور شاہد آفریدی کے نام سرِفہرست ہیں۔ لیکن یونس خان نے جو ریکارڈ قائم کیا ہے اسے توڑنا آنے والے کھلاڑیوں کے لئے کافی مشکل ہوگا۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آصف علی زرداری نے کیا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو کون جانتا ہے۔ اس کا ایڈریس کیا ہے۔؟ اس کا شجرہ نسب کیا ہے؟
زرداری صاحب ۔۔ یہ درست ہے کہ جس حوالے سے لوگ آپ کو جانتے ہیں اس حوالے سے لوگ عمران خان کو بالکل نہیں جانتے۔
آپ کا شجرہ نسب اور ایڈریس کیا ہے؟
اگر کوئی آپ کو خط لکھنا چاہے تو کیا یہ ایڈریس کافی نہیں ہوگا۔؟
جناب آصف علی زرداری شوہر بے نظیر بھٹو!
مجھے یقین ہے کہ خط آپ تک پہنچ جائے گا۔ اگر آپ صرف آصف علی زرداری ہوتے تو آپ کو کون جانتا؟ آپ کا ایڈریس کیا ہوتا۔۔؟

Scroll To Top