ممبئی: بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی پہلی بھارتی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
صبا قمراور بھارتی اداکار عرفان کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے جب کہ فلم کے ٹریلر کو یو ٹیوب پر چند گھنٹوں میں ہی 4 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
اٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عرفان خان اور صبا قمر میاں بیوی کا کردار نبھا رہے ہیں اور اپنی 5 سالہ بیٹی کی بہترین تعلیم کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں جب کہ فلم میں صبا قمرکامیڈی کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اداکاری کرتی نظر آرہی ہیں جس سے ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔
دوسری جانب اداکارعرفان خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کا ٹریلر جاری کیا اورفلم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ہدایتکار سکیت چوہدری کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں عرفان خان اور صبا قمر مرکزی کردار میں نظر آئیں گے اور فلم 12 مئی کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔