قصور میں سب سے بڑا ورلڈ کرنسی میوزیم بنانے کا فیصلہ

currency_0

قصور: قصور میں پاکستان کا سب سے بڑا ورلڈ کرنسی میوزیم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جہاں مجموعی طور پر میوزیم میں 250 ممالک کے مختلف 3200 کرنسی نوٹس اور 350 ممالک کے 15000 مختلف سکے رکھے جائیں گے ، علاوہ ازیں مختلف ممالک کے 350 میڈلز بھی ڈسپلے کئے جائیں گے، کرنسی نوٹوں میں 150 سال پرانے نوٹ بھی شامل ہوں گے اور سکے جات میں 300 سال پرانے ملکوں کے سکے بھی شامل ہیں۔
ایک گھر میں موجود کرنسی میوزیم کے دنیا کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کے معروف کولیکٹر شکیل احمد خان کو باقاعدہ میوزیم بنانے اور اس کے پاس موجود کرنسی کو دنیا کو دکھانے کے لئے ڈونیٹ کرنے کی تجویز دی گئی جسے اس نے قبول کر لیا ، اس میوزیم میں شکیل احمد خان کی طرف سے ڈونیٹ کئے گئے تمام کرنسی نوٹس اور سکے جات رکھے جائیں گے اور میوزیم کو ان کے والد کے نام کی مناسبت سے اسحاق خان میوزیم کا نام دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا میوزیم ہو گا جسے ڈسٹرکٹ کونسل کی زیر نگرانی رکھا جائے گا اور اسے ضلع قصور کے موجودہ میئر رانا سکندر حیات خان صاحب کی خصوصی کاوش پر بنایا جائے گا۔ اس میوزیم سے عوام کو جہاں پوری دنیا کی کرنسی ایک چھت تلے دیکھنے کو ملے گی وہیں اُن کو گوناگوں اور نادر معلومات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔ اس میوزیم کا باقاعدہ افتتاح جولائی میں متوقع ہے۔

Scroll To Top