انضمام الحق ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی فتح کیلیے پرامید

شاداب خان کی پرفارمنس شانداررہی اوران کا مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے،چیف سلیکٹرانضمام الحق ۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں مجموعی کارکردگی بہتر ہے، امید ہے پاکستان سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بولرزاچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جب کہ بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں ہورہی، شاداب خان کی پرفارمنس شانداررہی اوران کا مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں 6 سے 7 سینئر پلیئرز کےساتھ نوجوان پلیئرز کو بھی ویسٹ انڈیز بھیجیں گے جس سے جونیئرز اور سینئرز کا اچھا کمبی نیشن بنے گا۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کو نہیں ہو گا کیونکہ کپتان مصباح الحق ڈومیسٹک سیزن کھیل رہے ہیں، کمیٹی 5 یا 6 اپریل کو بیٹھے گی جس میں ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ کیس ابھی چل رہا ہے، ہمیں اس معاملے کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہو گا۔

Scroll To Top