سعودی عرب نے ویزا فیس میں 6 گنا تک اضافہ کر دیا

سنگل انٹری ویزے کی فیس2000، چھ ماہ کے ملٹی پل ویزے کی فیس3000ریال کر دی گئی فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب کی جانب سے تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے ملکی آمدن میں اضافے کے لیے کی جانے والی اصلاحات کے تحت نئی ویزا فیس میں 6 گنا اضافہ کر دیا ہے۔

مشرق وسطیٰ کے انگریزی اخبار گلف نیوز کے مطابق نئی ویزا فیس متعارف کروانے کا فیصلہ گزشتہ ماہ سعودی کابینہ نے کیا تھا۔ نئی ویزا پالیسی کے مطابق سنگل انٹری ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو 2000 سعودی ریال فیس ادا کرنا پڑے گی تاہم پہلی بار حج یا عمرہ کے لیے آنے والے لوگ اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

گلف نیوز کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں رہنے والے غیرملکی افراد کو ملک سے باہر جانے کیلیے200 ریال فیس دینا پڑی گی۔ یہ ویزا 2 ماہ کیلیے کارآمد ہو گا اور ملک سے باہر گزارے گئے ہر اضافی ماہ کیلیے 100 ریال ادا کرنا پڑیں گے۔ نئی پالیسی کے اطلاق سے قبل سنگل انٹری ویزے کی فیس 500ریال تھی۔ اس کے علاوہ6 ماہ کے ملٹی پل ویزے کی فیس 500ریال سے بڑھا کر 3000ریال کر دی گئی جبکہ ایک سال کے ویزے کی فیس 5000ریال اور 2 سال کے ملٹی پل ویزے کی فیس 8000 ریال کر دی گئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق دیگر عارضی ویزوں کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

Scroll To Top