سنی لیون نے شاہ رخ کو اسٹار کے ساتھ شفیق باپ بھی قرار دیدیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون نے شاہ رخ خان کو فلم نگری کے اسٹار کے ساتھ ساتھ ایک شفیق باپ بھی قرار دیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’جسم 2‘‘ سے کیا لیکن انہوں نے شہرت بولڈ مناظر کی عکس بندی کرکے حاصل کی جب کہ اداکارہ حال ہی میں کنگ خان کے ساتھ فلم ’’رئیس‘‘ میں جلوہ گر ہوئی ہیں جس پر وہ خوشی سے سرشار ہیں، سنی لیون نے شاہ رخ کے ساتھ فلمی تجربے کے دوران ان کی زندگی کے خاص پہلو سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔

بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سنی لیون کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابرام سے فلم ’’رئیس‘‘ کے سیٹ پر ملیں اور اس کے ساتھ کھیل کود کرکے اچھا وقت گزارا جب کہ اس دوران بھی کنگ خان بیٹے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے۔ سنی لیون نے مزید کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے  دوران ان کا بڑا بیٹا بھی سیٹ پر آیا تھا جس پر انہوں نے توجہ اور ملنساری کے ساتھ بیٹے کو وقت دیا تھا اور یہ عمل صرف اور صرف ایک شفیق باپ ہی کرسکتا ہے ۔

واضح رہے کہ اداکارہ سنی لیون نے فلم ’’رئیس‘‘ میں آئٹم سانگ ’’لیلیٰ اولیلیٰ‘‘میں پرفارم کیا ہے جسے فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

Scroll To Top