پاکستانیوں کیلئے بُری خبر: کراچی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا

22 سالہ یحییٰ جعفری ایران سے جہاز کے ذریعے کراچی پہنچا تھا،متاثرہ شخص کے ساتھ اس کے اہلخانہ بھی تھے، مریض کو نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا،کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے گھروالوںکا معائنہ بھی کیا جارہا ہے

کراچی(الاخبارنیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آگیا.22 سالہ شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ صحت نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا ہے، 22 سالہ یحییٰ جعفری ایران سے جہاز کے ذریعے کراچی پہنچا تھا۔یحییٰ جعفری کے ساتھ ان کے اہلخانہ بھی تھے، یحییٰ جعفری کو نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے اہلخانہ کا معائنہ بھی کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مبین کا کہنا ہے کہ اطلاع ہے کہ کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا ہے لیکن ٹیسٹ سے قبل یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔ڈاکٹر مبین کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جاتی ہے، ایران میں کرونا وائرس کی خبروں کو چھپایا جارہا ہے، کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے لیے بیس ٹیمیں کام کررہی ہیں۔وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین کے اندر مزید 52 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئی ادھر اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد11 ہو گئی ہے، الجزائر میں بھی وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، متاثرہ شخص اٹلی کا باشندہ ہے، حال ہی میں الجزائر پہنچا تھا۔سوئٹرزلینڈ میں بھی پہلے کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، وائرس کے خدشے کے پیش نظر سان فرانسسکو میں میئر نے ایمرجنسی نافذ کر دی، کینیڈا نے چین کے لیے پروازوں پر پابندی میں توسیع کر دی۔

You might also like More from author