ترک صدر کاتاریخی دورہ، کئی معاہدوں پر دستخط ہونگے

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کا طیب اردوان کو گارڈ آف آنر ، قومی ترانے بجائے گئے ، رجب طیب اردوان آج گیارہ بجے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے ،فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کرینگے ،سہ پہر کو وزیر اعظم ہاﺅس پہنچیں گے ، وزیراعظم سے ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے 

اسلام آباد(الاخبار نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج (جمعرات کو) اسلام آباد پہنچے جہاں نورخان ایئربیس پر وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔بعدازاں وزیراعظم ہاﺅس آمد پرترک صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا وہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے علاوہ ترکی کی صف اول کی کارپوزیشنوں کے سربراہ اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی ہونگے۔دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صدر اردوان معاونین کے بغیر ملاقات کرینگے جس کے بعد وہ مشترکہ کابینہ اجلاس کی طرز پر پاکستان ترکی اعلیٰ سطح کی تذویراتی تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرینگے۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ اس موقع پر کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرینگے۔صدرطیب اردوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔صدراردوان اوروزیراعظم عمران خان پاکستان ترکی بزنس اورسرمایہ کاری فورم سے بھی خطاب کریں گے جودونوں ممالک کے نمایاں سرمایہ کاروں اور کاروباری افرادکواکٹھاکرے گا۔ترکی مقبوضہ کشمیرکے عوام کے حق خودارادیت کے نصب العین کی حمایت کرتاہے۔صدراردوان کادورہ پاکستان ترکی تذویراتی شراکت داری مزیدمستحکم اوروسیع کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔دریں اثناء پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل نے خبررساں ادارے انادولو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردوان کا دورہ اسلام آباد ایک تاریخی موقع اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تکمیل کے مراحل میں ہے اور ترکی اس منصوبے کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ بننے میں د لچسپی رکھتاہے۔

 

You might also like More from author