مہنگائی کیخلاف ایکشن پلان تیار: عمران خان کا اربوں روپے کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ

یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے کھانے پینے کی چیزوں پر ریلیف دیا جائے گا۔ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو ضلع کی سطح پر انتظامیہ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا، ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے سدباب اور غریبوں کو ریلیف دینے کیلئے 15 ارب روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اہم فیصلہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے معاشی ٹیم کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہنگائی کے خلاف 15 ارب کا پیکج لایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے کھانے پینے کی چیزوں پر ریلیف دیا جائے گا۔ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو ضلع کی سطح پر انتظامیہ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ 15 ارب روپے کے پیکج میں تمام اہم اشیائے خورونوش شامل ہونگی۔ عام شہریوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیا ملیں گی۔وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ(باقی صفحہ7 بقیہ نمبر2
غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، ریلیف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیرِاعظم عمران خان نے عوام الناس خصوصا غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس میں کیا۔اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز ذوالفقار علی خان، وزارتِ خزانہ، صنعت وپیداوار اور سماجی تحفظ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری صاحبان، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹور اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے وزیرِاعظم کی جانب سے لیے گئے بڑے فیصلوں کا اعلان آج منگل کو کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کی عوام اور خصوصا غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے جس کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت ہر حد تک جائے گی۔

You might also like More from author