مہوش کا کردار کوئی بھی ادا کرنا نہیں چاہتا تھا، عائزہ خان

بے وفائی شوہر سے ہوتی ہے لیکن دل بچوں کا ٹوٹتا ہے، اداکارہ (فوٹو : فائل)

 کراچی: اداکارہ عائزہ خان نے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں مہوش کا کردار ادا کرنے پر کہا ہے کہ کوئی بھی اداکارہ مہوش کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتی تھی۔

انسٹام گرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوںے تحریر کیا کہ مہوش ایک ایسا کردار تھا جو کوئی نہیں کرنا چاہتا تھا، شاید اس لیے کہ اداکارہ کبھی بُری نہیں ہوسکتی، وہ ایک ایسی لڑکی نہیں ہوسکتی جس سے لوگ نفرت کریں، اداکارہ ہمیشہ معصوم ہوگی، روئے گی، چیخے گی، بے بس ہوگی، معاف کردینے والی ہوگی، کچھ بھی کرے گی لیکن بے وفائی نہیں کرے گی۔

عائزہ خان نے یہ بھی کہا کہ محبت میں بے وفائی نہیں ہوتی اور جہاں بے وفائی ہو وہاں محبت نہیں ہوتی، اداکارہ ایسی بے وفا لڑکی نہیں ہوتی۔

عائزہ خان کا کہنا ہے کہ کسی کی زندگی پرفیکٹ نہیں ہوتی، کبھی لگتا ہے پیسے کم نہیں پڑیں گے لیکن کبھی یہ بھی لگتا ہے کہ اگر پیسے ختم ہو گئے تو ہم کیا کریں گے؟ کبھی سوچتے ہیں کہ ماں باپ تو ہمیشہ ساتھ رہیں گے جب وہ نظر نہیں آتے تو پھر انہیں یاد کرتے ہیں، کبھی لگتا ہے کہ رشتوں میں محبت نہیں رہی پھر دیکھو تو وہ ہی لوگ دکھ درد میں ساتھ نہیں چھوڑتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ماں بن کر سوچوں تو زندگی کو روز جینے کو دل کرتا ہے، روز اُن کے لیے کچھ کرنے کا دل کرتا ہے، بے وفائی شوہر سے ہوتی ہے لیکن دل بچوں کا ٹوٹتا ہے، مہوش بننے کا مقصد صرف یہ نہیں تھا کہ شوہر سے بے وفائی کرنے کے بعد بیوی کس طرح زندگی گزارتی ہے؟ بلکہ یہ بے وفائی کی نہیں دراصل ایک ماں کی کہانی ہے۔

عائزہ نے یہ بھی کہا کہ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ میرے لیے ایسی عورت کی کہانی بن کر یاد رہے گا کہ جس نے اولاد کا دل دکھایا وہ کبھی خوش نہیں رہا خواہ وہ شوہر ہو یا بیوی، بچوں کے لیے ماں باپ آئینہ ہوتے ہیں جو وہ سیکھیں گے وہی کریں گے، چاہے وہ محبت ہو، ظلم ہو یا بے وفائی۔

You might also like More from author