بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری

نگلا دیش کے خلاف سیریز میں ٹکٹوں کی قیمت بھی کم رکھی گئی ہے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

آن لائن بکنگ 18 جنوری سے کی جاسکے گی جب کہ مقامی کوریئر کمپنی کے مراکز پر ٹکٹیں 21 جنوری سے دستیاب ہوں گی، سیریز میں شامل تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عوام خاص طور پر فیملیز کی سہولت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کے نرخ کم کردیے ہیں، تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے انضمام الحق، نذر، قائد، امتیاز احمد، ظہیر عباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ان میچز میں اے ایچ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کردی گئی ہے جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں 1500 روپے تھی، عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے۔

گذشتہ سیریز میں ان انکلوژرز کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب تھے۔ سری لنکا سیریز میں وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کا 5000 روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ بنگلا دیش سیریز میں 4000 روپے میں دستیاب ہوگا۔

7 تا 11 فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے اظہر محمود، عمران خان، جاوید اختر اور جاوید میانداد انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میچ کے لیے میران بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات انکلوژرز کے ٹکٹ 50 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل تمام میچز دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوں گے، سیریز میں شامل پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا جب کہ  واحد ایک روزہ اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی مکمل تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔

You might also like More from author