جس مقصد کیلئے پاکستان بنا: اِس سال ایک عظیم ملک بنائیںگے: عمران خان

50لاکھ گھر بناکر پاکستان کے چھت سے محروم عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے ،نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ سے تجارت بڑھے گی ،ملک کے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی جس سے بےروزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی

نوشہرہ (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح وبہود ملک خداداد کی ترقی وفلاح کےلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے، 2020 پاکستان کےلئے بہت اہم ہے ،اسی سال 50لاکھ گھر بناکر پاکستان کے چھت سے محروم عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے ،نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ سے تجارت بڑھے گی ،ملک کے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی جس سے بےروزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی، پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں ریلوے کی ترقی کےلئے وہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی ضرورت تھی ،یہی وجہ تھی کہ ریلوے کوسالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا پڑتاتھا ،ریلوے کے خسارے کی اصل وجہ سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار کرپشن تھا جس سے ریلوے نے سالانہ اربوں روپے کانقصان اٹھانا پڑا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیرریلوے شیخ رشید احمد، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ محمودخان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، صوبائی وفاقی وزراءاراکین قومی وصوبائی اسمبلی، ریلوے، ایف بی آر کے افسران بھی موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح وبہود ملک خداداد کی ترقی وفلاح کےلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے اور اب وہ وقت آچکا ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کےلئے ایک جوجائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 190ارب روپے احساس پروگرام پرخرچ کردئےے جس میں پچاس ہزار نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کےلئے سکالرشپس دئےے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ریلوے کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کےلئے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے تھے لیکن موجودہ حکومت نے ریلوے کی کئی ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی اور یہی اراضی آنے والے وقتوں میں کمرشل مقاصد کےلئے استعمال کی جائے گی جس سے نہ صرف ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ ریلوے کو خسارے سے بھی نکالاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے کی ترقی کےلئے ریلوے پرتوجہ دی جارہی ہے کیونکہ بین الاقوامی سطح پرتجارت کا ذریعہ ریلوے ہے اسی لئے بیرون ممالک کی سڑکیں زیادہ عرصہ صحیح سلامت رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے قیام سے پشاو رتاکراچی کا 1872 کلومیٹرکافاصلہ صرف 8 گھنٹوں میں طے ہوگا اور یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے 50کروڑ 70لاکھ روپے کی رقم سے انتہائی قلیل ایک سال کے عرصہ میں مکمل کردیاگیا جو کہ موجودہ وفاقی حکومت کی بہترین کارکردگی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں فیصلے ایک خاص مخصوص طبقے کےلئے کئے جاتے تھے جس میں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات عام آدمی کی دسترس سے باہر عدالتوں میں طاقتور کےلئے الگ اور کمزور طبقے کےلئے الگ قانون ہواکرتاتھا لیکن موجودہ حکومت نے یہ تمام تفرقات ختم کردئےے عوام اپنی شکایات پاکستان سیٹزن پورٹل سیل کے ذریعے اجاگر کریں انہی شکایات پر میں ازخود ایکشن لے کرکاروائیاں کرتاہوں انہوں نے کہا کہ صحت ہرشہری کا حق ہے اور یہی صحت کارڈ پاکستان کے ہرغریب گھرانے کو دیاجائے گا تاکہ وہ اپنے اہل وعیال کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2020 پاکستان کےلئے بہت اہم ہے اور اسی سال 50لاکھ گھر بناکر پاکستان کے چھت سے محروم عوام کو آسان اقساط پر اپنی چھت فراہم کریں گے اور اس منصوبے سے نہ صرف پچاس لاکھ گھرانے اپنے گھر کے مالک بنیں گے بلکہ اسی منصوبے سے ملک کے مختلف علاقوں میں چالیس سے ساٹھ صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا۔

You might also like More from author