امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف سے رابطہ: ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے سے متعلق آگاہ کیا

دنیا کو باور کرنا چاہتے ہیں کہ امریکا کے خلاف خطرناک حملے کی منصوبی بندی ہو رہی تھی

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انھیں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق امریکی اقدام سے آگاہ کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اہم بیان میں مائیک پومپیو نے لکھا کہ میں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل باجوہ سے رابطہ کیا اور انھیں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے معاملے میں اٹھائے گئے امریکی دفاعی اقدام سے متعلق آگاہ کیا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک  پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں امریکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ ایران خطے میں صورتحال کو کشیدہ کر رہا ہے۔ ہم امریکی مفادات، اہلکاروں، تنصیبات اور شراکت داروں کا تحفظ کریں گے۔اس سے قبل اپنی اپنی مختلف ٹویٹس میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران، عراق سمیت پورے خطے میں پراکسی وار میں ملوث ہے۔ جنرل قاسم سلیمانی پراکسی وار کے مرکزی کردار تھے، ہم نے ایران کو بتا دیا کہ مزید امریکیوں کا قتل برداشت نہیں کریں گے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے کسی بھی طرح کے ردعمل کے لیے تیار ہیں۔ قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد خطے میں امریکی پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔ دنیا کو باور کرنا چاہتے ہیں کہ امریکا کے خلاف خطرناک حملے کی منصوبی بندی ہو رہی تھی۔یاد رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ نے مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقائی امن واستحکام کو سنگین خطرہ ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ خود مختاری اور سالمیت کا احترام اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصول ہیں۔ یکطرفہ اقدامات اور طاقت کے استعمال سے گریز بہت اہم ہے۔پاکستان نے تمام فریقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لئے تعمیری رابطے اور سفارتی چینل استعمال کریں۔ فریقین اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کریں۔

 

 

You might also like More from author