قبائلی اضلاع کیلئے تیز رفتار عملدرآمد پروگرام کی جلد تکمیل ترجیح ہے: محمود خان

اے آئی پی کے تحت محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں کل 18 سب سکیمیں ہیںجن پر 12891 ملین روپے لاگت آئے گی

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ، ڈاکٹرز کی تعیناتی اور جدید آلات کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے اور قبائلی اضلاع کیلئے مختص بجٹ کو جلد از جلد استعمال میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کیلئے تیز رفتار عمل درآمد پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل ترجیح ہونی چاہئے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں قبائلی اضلاع کیلئے تیز تر عمل درآمد والے منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، رکن صوبائی اسمبلی سید غازی غزن جمال، چیف سیکرٹری کاظم نیاز، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعید، سیکرٹری خزانہ، پی اینڈ ڈی، سی اینڈ ڈبلیو، ایری گیشن ، ہیلتھ ، ایگرکلچر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ اجلاس کو قبائلی اضلاع میں تیز تر عمل درآمد والے منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت سمیت ضم شدہ اضلاع کیلئے کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ پر بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے چند ہفتوں سے تمام منصوبوں پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ تیز تر عمل درآمد پروگرام کے تحت پالیسی کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے ۔ متعلقہ محکموں میں سکیموں کے پی سی ونز اور منصوبہ بندی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔ دیر پا اثر اندازہونے والی سکیموں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ محکموں میں سکیموں کی تکمیل کیلئے ایکشن پلان بھی مرتب کئے گئے ہیںمنصوبوں پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے چھ مختلف پہلوﺅں کو مزید بہتر کیا جائے گا جس میں مجوزہ محرکات کے تحت کارکردگی کا جائزہ لینا ، ہر محکمے میں اے آئی پی کے تحت مخصوص مینجمنٹ سٹرکچر پر توجہ دینا، مانیٹرنگ اور ایوالویشن ، لینڈ سٹیلمنٹ کے مسائل کاتیز رفتاری سے حل ، ہر محکمے کیلئے انونٹری میپنگ اور تین مہینوں کے اندر پی اینڈ ڈی میں اے آئی پی ڈیلیوری یونٹ کا قیام شامل ہیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اے آئی پی کے تحت مختلف محکموں میں کل 162 سب سکیمیں ہیں جس کے لئے 59 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔مزید بتایا گیا کہ مختلف منظور شدہ سکیموں کیلئے کل 9000 ملین روپے بھی جاری کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اے آئی پی کے تحت محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں کل 18 سب سکیمیں ہیںجن پر 12891 ملین روپے لاگت آئے گی ، جس میں سے 10692 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے سرکاری سکولوں میں اگلے اکیڈمک سال سے طلباءکو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے شعبے میں 7.9 ارب روپے جاری کئے گئے ہیںجبکہ محکمہ صحت کیلئے کل 10.1 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جس میںسے 3 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔ اسی طرح محکمہ کھیل وثقافت اور سیاحت کیلئے 5.1 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جس میں 1.8 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے کل 5 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جس میں سے 4.9 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تیز تر عمل درآمد والے پروگرام کی نگرانی کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اعلامیہ بھی جلدجاری کردیا جائے گا۔ پروگرام کی نگرانی سہ ماہی بنیادوں پر مجوزہ محرکات کے ذریعے کی جائے گی ۔ ان محرکات میں پی سی ونز کی موجودہ صورتحال، منظوری کا سٹیٹس، محکموں کو جاری شدہ فنڈز کی صورتحال ، اخراجات اور سکیم وائز ٹاسک مینجمنٹ شامل ہیں۔ اجلاس کو دیگر شعبوں میں مختص بجٹ پر بھی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سو شل سکیورٹی کیلئے 4760 ملین روپے، نکاسی آب اور صاف پینے کے پانی کیلئے 1330 ملین روپے، انرجی کیلئے 3450 ملین روپے، صنعت کی ترقی کیلئے 1200 ملین روپے ، زراعت کیلئے 3070 ملین روپے، آبپاشی کیلئے 3950 ملین روپے، مائنز اینڈ منرلز کیلئے 850 ملین روپے ،ماحولیات اور جنگلات کی ترقی کیلئے 350 ملین روپے جبکہ گورننس کیلئے 7620 ملین روپے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے 900 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو شعبہ صحت کی ترقی کیلئے مجوزہ پلان پر بھی آگاہی دی گئی جس میں ماںاور بچے کی زندگی بچانے کیلئے سنٹرز ، ریجنل بلڈ سنٹرز ، 85 بنیادی ہیلتھ یونٹس کی تجدید کاری، رورل ایمبولینس سروسز، سیکنڈری کیئر ہسپتالوں کی تجدید کاری ، معیاری ادویات ، ویکسینز و دیگر سہولیات کی دستیابی، معیاری میڈیکل پروفیشنل اور ٹیکنیشنز کی فراہمی ، میڈیکل تعلیم اور ٹرشری سہولیات جبکہ ہیلتھ فنانسنگ بھی پلان کا حصہ ہے ۔ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ریسکیو1122 سٹیشنوں کے قیام اور اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بھی اجلاس کو تفصیلاً بتایا گیا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو جلد ریلیف دینے کیلئے صوبائی حکومت نے پہلی فرصت میں اے آئی پی پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ ان منصوبوں کی جلد تکمیل سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کی راہ جلد ہموار ہو گی اور تمام اداروں میں عوام کو سستی اور بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

You might also like More from author