روزنامہ نیشنل ہیرالڈ ٹریبون اور ازبکستان کی قومی خبر رساں ایجنسی (UZA) میں معاہدہ

فریقین نے معاہدے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے پاکستان اور ازبکستان کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون قرار دیا

اسلام آباد(ریاض ملک) روزنامہ نیشنل ہیرالڈ ٹریبون(NHT ) اور ازبکستان کی قومی خبر رساں ایجنسی (UZA ) کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں منگل کے روز تاشقند میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں روزنامہ نیشنل ہیرالڈ ٹریبون کی طرف سے اس کے ایڈیٹر ان چیف غلام اکبر اور ازبکستان کی قومی خبر رساں ایجنسی کی طرف سے اس کے جنرل ڈائریکٹر عبدو سعید کچی موف نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔معاہدے کے تحت طرفین اطلاعات کی دوطرفہ تبادلے کیلئے ایک مستقل نیٹ ورک قائم کریں گے اور قومی اور بین الاقوامی خبروں اور تصاویر وغیرہ کی ایک دوسرے کو فراہمی اپنے اپنے ممالک کے مروجہ قواعد وضوابط کے تحت کریں گے۔ اس موقع پر غلام اکبر اور عبدو سعید کچی موف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معاہدے کو باعث اطمینان اور مسرت قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا باعث بنے گا۔ اس سے قبل غلام اکبر کی آمد پر ادارے کے افسران بشمول عبدو سعید کچی موف نے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا اور ان کو امیر تیمور کی روائتی عبا اور ٹوپی بھی پیش کی۔

You might also like More from author