کوئٹہ چرچ دھماکہ حکومت کی ناکامی ہے‘ ڈاکٹرطاہر القادری

  • کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کی قیمت ریاست اور عوام ادا کر رہے ہیں‘سربراہ عوامی تحریک

طاہرالقادری

لاہور(اےن اےن آئی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کوئٹہ دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کی قیمت ریاست اور اس کے عوام ادا کر رہے ہیں۔قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے، یہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے،عوام کے جان و مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ نہ کرسکنے والے حکمرانوں کو ایک لمحے کے لیے بھی اقتدار میں رہنے کا حق نہیں۔وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر راہنماﺅں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ عوام دہشتگردی کو شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں اور ان شاءاللہ تعالی دہشتگرد اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سہولت کاروں کا خاتمہ ناگزیر ہے،دہشتگردی کی روٹ کاز کو بھی ختم کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت اور اس کی رٹ نام کی کوئی چیز نہیں بچی،پہلے ایک نااہل نے پورے نظام کو یرغمال بنایا ہوا تھا رہی سہی کسر ناہل کی باقیات نے نکال دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد جنم دینے والے اس نظام کو کب تک سینے سے لگا کر رکھا جائے گا؟ 73ہزار جانی قربانیوں کے بعد بھی آنکھیں نہیں کھلیں تو پھر کب کھلیں گی؟ انہوں نے کوئٹہ چرچ دہشتگردی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے ریاست تمام وسائل بروئے کار لائے۔

Scroll To Top