حماس کا القدس سے متعلق امریکی اعلان پر نئی انتفاضہ تحریک چلانے کا اعلان

iحق خودارادیت کےلئے جدوجہد کرتے رہیں گے،اسماعیل ہانیہ:فوٹو:رائٹرز

غزہ: فلسطین کی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق امریکی اعلان کے خلاف نئی انتفاضہ (جدو جہد آزادی) تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ 

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے اسرائیل کے خلاف انتفاضہ (جدو جہد آزادی ) کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں انتفادہ کےلئے کام کرنا چاہئے، ہم حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کرتے رہیں گے جبکہ کل یوم جمعہ کو امریکی فیصلے اور اسرائیل کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس ریاست فلسطین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا ، انھوں نے حماس کے تمام اراکین اور عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کو لاحق خطرے سے نمٹنے کےلئے کارکن اور عہدیدار نئے تنظیمی احکامات کے لئے مکمل طور پر تیار رہیں۔

اسماعیل ہانیہ نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امن عمل معطل کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انتظامیہ کا بھی بائیکاٹ کردیں۔

واضح رہے کہ حماس فلسطین کی آزادی کے لئے مسلح جدوجہد کررہی ہے جب کہ امریکا اور یورپی یونین نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔

Scroll To Top