قبل از وقت انتخابات ہماری جمہوریت کیلئے واحد حل ہے، عمران خان

  • ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ کی میں واضح اشارہ،شہبازشریف اور رانا ثنااللہ فوری مستعفی ہوجائےں، چیئرمین تحریک انصاف
  • چیئرمین پی ٹی آئی نے (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو یکسر مسترد کردیا
بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ بنوں یونیورسٹی کی تقریب میں شریک ہیں

بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ بنوں یونیورسٹی کی تقریب میں شریک ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ کی بنا پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔بدھ کو اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ باقر نجفی رپورٹ کے انکشافات کے بعد وزیراعلیٰ  پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ کو پاکستانی شہریوں کے قتل پر فوری مستعفی ہونا چاہیے۔اس سے قبل ایک بیان میں چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ماڈل ٹاون کی رپورٹ پڑھی ہے اس میں رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف کی طرف اشارہ ہے، شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاون کیس سے نہیں نکل سکیں گے۔ عمران خان نے ایک بار پھر قبل از انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازوقت انتخابات ہماری جمہوریت کے لئے واحد حل ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے، مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہیے اور ان میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کو یکسر مسترد کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سے انتخابی اتحاد کے بارے میں ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے۔جاوید ہاشمی سے متعلق عمران خان نے کہا کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف میں غلط آئے تھے،ان کی وہیں جگہ تھی،جب یہ شخص باغی بنا تو الیکشن جیت گیا اور داغی بنا تو الیکشن ہار گیا۔دوسری جانب تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے جس میں شہبازشریف اور رانا ثنااللہ سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Scroll To Top