جاوید ہاشمی کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ، فواد چوہدری

fawad

لاہور ( این این آئی)ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں وہ مسلم لیگ (ن) کے ایجنٹ تھے ،فوج اور عدلیہ میں لوگ تبدیل ہوئے لیکن سیاست پر 1985ءوالی لاٹ مسلط ہے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دی ہے، اگر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا نام 4 شہر ہیں تو واقعی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے، ملک کے اکثریتی علاقوں میں ویسے ہی لوڈ شیڈنگ جاری ہے اور ان کے بجلی کے وزیر نے لوڈ شیڈنگ ہونے کا خود اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا ہے پہلے رشوت دے کر طاقت بنا اور پھر اس کے بل پر پیسے کما۔ پیسوں کے بل بوتے پر الیکشن جیتو اور پھر پیسہ کما۔فواد چوہدری نے کہا کہ فوج اور عدلیہ میں لوگ تبدیل ہوئے لیکن سیاست پر 1985ءوالی لاٹ مسلط ہے، یہ چاہتے ہیں کہ انہیں لوٹ مار کی اجازت ہو جبکہ فوج اور عدلیہ نہ روکے تو ملک میں جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، جاوید ہاشمی مسلم لیگ (ن) کے ایجنٹ تھے، پارٹی میں انہیں ہیرو بنانا غلطی تھی جس پر معذرت چاہتے ہیں۔

Scroll To Top