ظہیر خان اور اداکارہ ساگریکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

yدونوں اپنی شادی کا جشن 27 نومبر کو ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں منائیں گے ؛ فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی ظہیر خان اور بالی ووڈ اداکارہ ساگریکا گھاٹکے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بالی ووڈ اور کرکٹ کا رشتہ بہت پرانا اورگہرا ہے، بالی ووڈ کی کئی اداکاراؤں کے کرکٹ اسٹارز کے ساتھ معاشقے بھی رہے ہیں جن میں سے کچھ شادی تک پہنچے اور کچھ شادی تک نہ پہنچ سکے اور شادی سے پہلے ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور کرکٹر منصور علی خان پٹودی، روی شاستری  اور امریتا سنگھ، اظہر الدین، سنگیتا بجلانی، ہربھجن سنگھ اور ہیزل کیچ وغیرہ کے درمیان معاشقوں کی خبریں ماضی میں خوب میڈیا کی زینت بنیں۔ تاہم موجودہ دور میں سب سے زیادہ جن جوڑیوں کا چرچہ ہے وہ ہے ویرات کوہلی، انوشکا شرما، ظہیر خان اور اداکارہ ساگریکا گھاٹکے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ظہیر خان کچھ عرصہ قبل ساگریکا گھاٹکے کی زلفوں کے اسیر ہوئے تھے جب کہ ساگریکا بھی ظہیر خان کی سحر انگیز شخصیت سے بچ نہیں پائی تھیں اور ان پر اپنا دل ہار بیٹھی تھیں۔ گزشتہ ایک برس سے بھارتی میڈیا میں دونوں کی شادی کی افواہیں گردش کررہی تھیں، دونوں کی جانب سے کبھی بھی ان افواہوں کی تردید نہیں کی گئی تھی اور اب اچانک دونوں کی شادی کی خبروں نے ان کے مداحوں سمیت پورے بھارتی میڈیا کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہیر خان اور ساگریکا گھاٹکے 23 نومبر 2017 کوکورٹ میرج کرکے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی تو دونوں نے کورٹ میں سادگی سے کی ہے تاہم دونوں اپنی شادی کی اسقبالیہ تقریب 27 نومبر کو ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں نہایت شاندار طریقے سے منائیں گے جس میں بالی ووڈ کی نامور شخصیات کے ساتھ کرکٹ اسٹار ز بھی شرکت کریں گے۔

Scroll To Top