بھارتی جارحیت سمیت کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج تیار ہیں: جنرل زبیر محمود حیات

  • بھارت سے تعلقات کا راستہ صرف کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے اس میں کوئی بائی پاس نہیں ، کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم اور پاکستان کی طرف جنگی ہیجان واضح ہے ، سی پیک کے خلاف بھارتی سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،’را‘ نے سی پیک کے خلاف 500 ملین ڈالرز مختص کررکھے ہیں ،سی جے سی ایس سی
  • اعلیٰ تربیت اور آپریشنل تیاریوں سے غافل نہیں ،طویل سفر کے بعد چیلنجز پر قابو پالیا ہے، دفاع پاکستان کےلئے تمام ریاستی اداروں کو ملکی مفاد میں کام کرنا ہوگا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اسٹرائیک کور منگلا کے دورے کے دوران افسروں اور جوانوں سے خطاب
اسلام آباد، چیئرمین جوائٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اپری کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد، چیئرمین جوائٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اپری کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد(این این آئی +پ ر)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر بدستور جوہری جنگ کے خطرات کا پیش خیمہ ہے ،بھارت سے تعلقات کا راستہ صرف کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے اس میں کوئی باس پاس نہیں ، کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم اور پاکستان کی طرف جنگی ہیجان واضح ہے ، پیک کے خلاف بھارتی سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،’را‘ نے سی پیک کے خلاف 500 ملین ڈالرز مختص کررکھے ہیں ،جنوبی ایشیامیں علاقائی جہتیں اور خدشات کو دیکھنا ہوگا ، بھارت پاکستان کا پانی روک رہا ہے، خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا۔ منگل کو ’جنوبی ایشیا کی علاقائی جہتیں اور تذویراتی خدشات‘ کے موضوع پر ہونےو الی 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر محمود نے کہا کہ عالمی سطح پر طاقت کا حصول جنوبی ایشیامیں عدم استحکام کا باعث ہے ،جنوبی ایشیامیں علاقائی جہتیں اور خدشات کو دیکھنا ہوگا، جنوبی ایشیا کے جغرافیائی، معاشی، تذویراتی اور سیاسی امور کو بھی دیکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیامیں سیاسی و تذویراتی مسائل تنازعات کو بڑھاوا دے رہے ہیں ، تذویراتی توازن اور روایتی ہتھیاروں میں مناسبت برقرار رکھی جائے گی کیونکہ عدم توازن ہمیشہ تنازعات کو جنم دیتا ہے۔انہوںنے کہا کہ خطے میں سلامتی کے ضامن ہونے کی تگ و دو بھی تذویراتی اہمیت رکھتی ہے ، بیرونی طاقتیں بڑے تذویراتی ڈیزائنز کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔جنرل زبیر محمود نے کہا کہ افغانستان کا معاملہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے مابین اہم خطہ ہے ،پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے ، غیر ریاستی عناصر کے ذریعے جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا ہے اور افغانستان میں عدم استحکام خطے کےلئے نقصان دہ ہے، افغان عدم استحکام کی پاکستان بھاری قیمت چکا رہا ہے ، افغان سرزمین پر دہشت گردی کے ٹھکانے کلیدی مسائل کا باعث ہیں ،افغانستان میں کمزور گورننس اور دراڑ زدہ مفاہمتی عمل مسائل کا پیش خیمہ ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بدستور جوہری جنگ کے خطرات کا پیش خیمہ ہے ،کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم اور پاکستان کی طرف جنگی ہیجان واضح ہے ،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور پاکستان کے خلاف رویہ اس کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر 20 کشمیریوں پر ایک فوجی ہے ،94 ہزار کشمیری شہید کیے جا چکے، 7،700 سے زائد کشمیریوں کی بینائی جا چکی۔جنرل زبیر محمود نے کہاکہ بھارت سے تعلقات کا راستہ صرف کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے ،اس میں کوئی باس پاس نہیں ،مسئلہ کشمیر کے حل سے جنوبی ایشیاءمیں دیرپا امن ممکن ہے ، پاکستان مسئلہ کشمیر اور افغان مسائل کا حل چاہتا ہے اور تمام ا±مور پر یکساں پیشرفت چاہتے ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتاہے ،پاکستان اپنی ذمے داریوں سے آگاہ مگر دفاع سے غافل نہیں ،پاکستان تمام حالات کے تناظر میں کم از کم جوہری صلاحیت برقرار رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہاپسندی بڑھ رہی ہے، بھارت سیکولر سے انتہا پسند ہندو ملک بن چکا جبکہ بھارت، پاکستان سےذیلی روایتی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، سرجیکل اسٹرائیک جیسے شوشے اس کی ایک اہم مثال ہے جب کہ بھارت نے 1200 سے زائد بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فوج کے ہاتھوں پاکستان کے 1000 شہری، 300 فوجی شہید ہوئے، یہ بھارتی رویہ کسی وقت بھی بڑی جنگ میں بدل سکتا ہے۔جنرل زبیر محمود نے کہا کہ بھارت ٹی ٹی پی ، بلوچ علیحدگی پسندوں اور ’را‘ کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کرا رہا ہے، سی پیک کے خلاف بھارتی سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ’را‘ نے سی پیک کے خلاف 500 ملین ڈالرز مختص کررکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میزائل ڈیفنس ٹیکنالوجی، جوہری ہتھیاروں اور روایتی ہتھیاروں میں تیزی سے آگے بڑرہا ہے، بھارت پاکستان کا پانی روک رہا ہے، خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا تاہم بھارت ایسا کررہا ہے، بھارت آگ اور جنوبی ایشیا کے امن سے کھیل رہا ہے تاہم ہم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں۔جنرل زبیرمحمود حیات نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل چاہتا ہے ،افغانستان ایشیا کا گیٹ وے ہے اور یہاں عدم استحکام خطے کے لئے نقصان دہ ہے اور پاکستان افغان عدم استحکام کی بھاری قیمت چکا رہا ہے۔ افغانستان میں کمزور گورننس، فوج، حکومت، معیشت، دراڑ زدہ مفاہمتی عمل اور افغان سرزمین پر دہشت گردی کے ٹھکانے کلیدی مسائل کا باعث اور پیش خیمہ ہیں۔دریں اثناءچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کےلئے تمام ریاستی اداروں کو ملکی مفاد میں کام کرنا ہوگا۔ ہمیں ترقی کےلئے صرف اور صرف پختہ عزم اور بطور قوم متحد رہنے کی ضرورت ہے۔منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسٹرائیک کور منگلا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور جوانوں کے حوصلے اور تربیت کے معیار کو سراہا۔اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قائداعظمؒ نے کہا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، ہمیں چیلنجز کے مقابلہ کےلئے لمبا سفر طے کرنا ہے، انشاءاللہ پاکستان جلد اقوام عالم کی صف اول میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ معیار کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں سے غافل نہیں رہ سکتے، ہم نے طویل سفر کے بعد چیلنجز پر قابو پالیا ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں ترقی کےلئے صرف اور صرف پختہ عزم اور بطور قوم متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کےلئے تمام ریاستی اداروں کو ملکی مفاد میں کام کرنا ہوگا۔

Scroll To Top