اسحاق ڈار مشترکہ مفادات کونسل کی رکنیت سے فارغ: احسن اقبال نئے رکن مقرر

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو ہٹانے کی سفارش کی تھی جس کی صدر مملکت نے منظوری دیدی ہے اور اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگیا
  • اسحاق ڈار اس وقت علاج کے سلسلے میں لندن میں ہیں،وہ احتساب عدالت میں اپنے خلاف ریفرنس کی سماعت میں بھی پیش نہیں ہورہے ہیں، عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں

اسلام آباد۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد(این این آئی) حکومت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مشترکہ مفادات کونسل کی رکنیت خارج کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی روز سے دل کے عارضے کے علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں اور وہ احتساب عدالت میں اپنے خلاف ریفرنس کی سماعت میں بھی پیش نہیں ہورہے جس کے باعث عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں۔ وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث ان کی مشترکہ مفادات کونسل کی رکنیت ختم کردی اور ان کی جگہ وزیر داخلہ احسن اقبال کو مشترکہ مفادات کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ احسن اقبال کے پاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا بھی اضافہ چارج ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو ہٹانے کی سفارش کی تھی جس کی صدر مملکت نے منظوری دیدی ہے اور اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا۔وزیر داخلہ احسن اقبال اب اسحاق ڈار کی جگہ مشترکہ مفادات کونسل میں فیڈریشن کے رکن ہوں گے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

Scroll To Top