سب سے زیادہ دشمن شیطان کے ۔۔۔ 25-5-2012

kal-ki-baat

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے فرمایا ہے کہ آدمی کے جتنے زیادہ دشمن ہوں وہ اتنا ہی بڑا ہوتا ہے۔ یہی بات کسی اور ” صاحبِ فہم “ نے اِن الفاظ میں کہی تھی کہ آدمی جتنا بڑا ہواس کے دشمن اتنے ہی زیادہ ہوا کرتے ہیں۔
ایک لحاظ سے وزیراعظم صاحب نے درست فرمایا ہے ۔ دشمن بڑے آدمی کے ہی ہوا کرتے ہیں۔ چھوٹے آدمیوں کے ساتھ دشمنی کرنے کا وقت کس کے پاس ہے؟ مگر یہاں یہ بات یاد رکھی جانے کے قابل ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ایک مخلوق ابلیس یعنی شیطان بھی ہے۔ کون نہیں جانتا کہ خدا اوراُس کے رسول کے نام لیوا حج کے موقع پر اپنے ایمان کے حصے کے طور پر شیطانوں کو کنکریاں مار کر شیطانی خصوصیات کے ساتھ اپنی نفرت یا دشمنی کا اظہار کرتے ہیں۔
شیطان روزِ قیامت اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش ہو کر یہ تو نہیں کہے گا کہ تمہاری مخلوق کا غالب حصہ میرا دشمن رہا اس لئے میںسب سے بڑا ہوں !
میرا مشورہ وزیراعظم صاحب کو یہ ہے کہ ” بڑا “ بننے کے شوق میں 18کروڑ عوام کو اپنا دشمن نہ بناتے چلے جائیں۔
ہم میں سے فرشتہ کوئی بھی نہیں۔ مگر ایسے اعمال سے تو ہمیں پرہیز کرنے کی کوشش ضرور کرنی چاہئے جو ہمیں کنکریوں کے نشانے پر کھڑا کردیں!

Scroll To Top