دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ میری دعائیں قبول کرے۔۔۔۔

aaj-ki-bat-logo


جس وقت میں یہ الفاظ قلمبند کررہا ہوں احتساب عدالت نے آج کی سماعت ملتوی کردی ہے۔۔۔ اگلی سماعت منگل کو یعنی 7نومبر2017ءکو ہوگی جس میں ملزمان پیش نہیں ہوں گے کیو ں کہ اُس روز احتساب عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام ریفرنسز کو یکجا کرنے کے معاملے کو نمٹائے گی۔۔۔ ایک لحاظ سے شریف خاندان نے مقدمات کو طول دینے کی جو حکمت عملی تیار کررکھی ہے اسے کامیابی حاصل ہورہی ہے۔۔۔ میاں نوازشریف کی دوسری حکمت عملی یہ ہے کہ عدلیہ کو دباﺅ میں لانے کے لئے ایسے بیانات دیئے جائیں اور دلوائے جائیں کہ لگے کہ اُن پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔۔۔ تیسری حکمت عملی یہ بھی ہے کہ اِس تاثر کو بھی تقویت دی جائے کہ میاں نوازشریف کا دور ختم نہیں ہوا اور قوی امکان موجود ہے کہ شریف فیملی کی رٹ مکمل طور پر بحال ہوگی اور تمام ریاست ادارے حلف وفاداری اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔۔۔
میں گزشتہ روز لکھ چکا ہوں کہ اس وقت ریاستِ پاکستان حالتِ جنگ میں ہے اور اس جنگ میں اس کے حریفوں میں حکومتِ پاکستان بھی ہے۔۔۔ اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ملزم کو حکومتِ پاکستان اس قسم کا پروٹوکول دے رہی ہے جس قسم کا پروٹوکول بادشاہوں یا قومی ہیروز کو دیا جاتا ہے۔۔۔
میاں نوازشریف کے اپنے بیانات اور ان کے درباریوں کے بیانات یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کے کارنامے اتنے بے شمارہیں کہ انہیں گِننا ناممکن ہے ۔۔۔ حتیٰ کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ بھی میاں صاحب نے ہی لڑی۔۔۔ہماری فوج تو محض تماشائی تھی اور صرف ایک کام کررہی تھی۔۔۔ میاں صاحب کے خلاف سازشیں کرنے کا کام !!!
جس عظیم کارنامے کا ذکر میاں صاحب او ر اُن کے درباری کرنے سے گریزاں ہیں وہ یہ ہے کہ میاں صاحب نے دنیا کے امیر ترین لوگوں میں اپنا شمار کرانے کے سفر کو پورے عزم و استقلال کے ساتھ جاری رکھا ہے۔۔۔
بہرحال عمر ہ پر جانے سے پہلے میرا یہ آخری کالم ہے۔۔۔ میں تقریباً دوہفتوں تک یہ کالم نہیں لکھ پاﺅں گا لیکن اس دوران آپ ” جھوٹ کا پیغمبر“ قسط وار پڑھیں گے۔۔۔
میں خانہ خدا میں جو دعائیں مانگنے کا ارادہ باندھ کر جارہا ہوں اُن میں ایک یہ بھی ہے۔۔۔
” اے محمد ﷺ کے رب پاکستان کو ان مافیاﺅں سے جلد ازجلد نجات دلا جنہوں نے اسے اپنے شکنجے میں کس رکھا ہے پاکستان میں دوبارہ کبھی کوئی آصف علی زرداری کوئی الطاف حسین اور کوئی میاں نوازشریف پیدا نہ کرنا۔۔۔
پاکستان کی فوج کے اس عزم کو مزید راسخ کر کہ وہ ہر قیمت پر وطنِ عزیز پر ہونے والے تمام اندرونی اور بیرونی حملوں کا مقابلہ کرے اور انہیں ناکام بنائے ۔۔۔
پاکستان کی عدلیہ کے اندر زندگی کی جو حرارت پید ا ہوئی ہے اس میں مزید اضافہ کرتا کہ جو بلائیں قوم کا خون چوس رہی ہیں وہ جلد ازجلد اپنے انجام کو پہنچیں۔۔۔“

Scroll To Top