ٹی وی شو میں شلپا شیٹھی کے جھوٹ کا پول کھل گیا

شلپا شیٹھی اپنے دعوے کو سچ نہ کرسکیں اور سب کے سامنے شرمندہ ہوگئیں؛فوٹوفائل

شلپا شیٹھی اپنے دعوے کو سچ نہ کرسکیں اور سب کے سامنے شرمندہ ہوگئیں؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کی سب سے  بڑی مداح ہونے کی جھوٹی دعویدار نکلیں، شلپا امیتابھ بچن کی جانب سے ان کے بارے میں پوچھے جانےوالے آسان سے سوال کا جواب بھی نہ دے سکیں اور شرمندہ ہوگئیں۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے سب سے بڑے مداح ہونےاوران کے بارے میں سب کچھ جاننے کا دعویٰ کرنے والے تو بہت ہیں ان ہی میں ایک ناموراداکارہ شلپا شیٹھی کانام بھی شامل ہے جنہوں نے امیتابھ کی سب سے بڑی مداح ہونے کا دعویٰ تو کیا لیکن اپنے دعوے کو سچ نہ کرسکیں اوران کے جھوٹ کا پول سب کے سامنے کھل گیا۔

دراصل شلپا شیٹھی نے بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘میں ممبئی کے معروف وکیل افروز شاہ کے ساتھ شرکت کی، افروز شاہ کو شو کے میزبان امیتابھ بچن نے شو کے سیگمینٹ ’’نئی چاہ نئی راہ‘‘ کے لیے خود مدعو کیا تھااورانہیں ہاٹ سیٹ پربیٹھ کر گیم کھیلنے کی دعوت دی تھی، شو میں افروز شاہ اور شلپا شیٹھی نے اپنی چٹپٹی باتوں اور مزاح سے چارچاند لگادئیے تاہم شلپا کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ امیتابھ بچن کے ایک چھوٹے سے سوال کا جواب بھی نہ دے سکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا شیٹھی نے شو کے دوران امیتابھ کے سامنے ان کی سب سے بڑی مداح ہونےاور ان کے بارے میں سب کچھ جاننے کا دعویٰ کیا تاہم امیتابھ بچن نے جب ان سے 20،000 روپے کے لیے ایک آسان سا سوال پوچھا جس میں انہیں بالی ووڈ کا ایک مقبول ترین گانا پہچاننا تھاتو شلپا گانا پچاننے میں ناکام ہوگئیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گانا(دو لفظوں کی ہے)امیتابھ بچن کی فلم’’دی گریٹ گیمبلر‘‘کا ہی تھا، بعد ازاں امیتابھ بچن نے اس گانے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ گانا ان پر اور زینت امان پر فلمایا گیا تھا یہ سن کر شلپا شیٹھی شرمندہ ہوگئیں۔

واضح رہے کہ شلپا اورافروز نے شو کے دوران مجموعی طور پر 25 لاکھ کی رقم جیتی ، جو بھارت میں ماحولیات کی حفاظت اور ساحل سمندر پر موجود کچرے اور گندگی کو صاف کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

Scroll To Top