لارجر بنچ (آج )سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی درخواستوں کی سماعت کرےگا

  • انٹرا کورٹ حکومتی اپیل پر دورکنی ،سنگل بنچ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخوات پر سماعت کریگا

ماڈل ٹاﺅن

لاہور( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ آج ( پیر ) کے روز سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا ۔لارجر بنچ کی سربراہی قائمقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی کریں گے ۔ یہ درخواستیں لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ کے سامنے زیر سماعت رہیں، تاہم بنچ کے رکن ججز کی ریٹائرمنٹ پر دو مرتبہ فل بنچ تحلیل ہوچکا ہے جس کے بعد تیسری مرتبہ بنچ تشکیل دیا گیا جوآج25 ستمبر کوسماعت کرے گا۔ علاوہ ازیںپنجاب حکومت کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے ایک رکنی بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت بھی آج ( پیر ) کو ہو گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں 20 سے زائد صفحات پرانٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی جس میں یہ نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ رپورٹ پبلک کرنے کے متعلق درخواستیں فل بنچ کے روبرو زیرسماعت ہے، فل بنچ کی موجودگی میں سنگل بنچ کیس کی سماعت نہیں کر سکتا۔سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے متاثرین کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فراہم نہ کرنے پر دائر توہین عدالت کی سماعت بھی آج ہو گی ۔ درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے ۔ درخواست گزاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر قانون، چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری کو فریق بناتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے ۔

Scroll To Top