سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین نے انکوائری رپورٹ کے حصول کےلئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروا دی

ماڈل ٹاﺅن

لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے متاثرین کے لواحقین نے علی باقر نجفی کمیشن کی انکوائری رپورٹ کے حصول کے لئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروا دی جبکہ پاکستان عوامی تحریک نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی جس پر آئندہ پیر کے روز سماعت ہو گی۔ ماڈل ٹاؤن سانحہ کے متاثرین کے لواحقین نے ہوم سیکرٹری کو درخواست دی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد انکوائری رپورٹ ان کے حوالے کی جائے۔ عدالت کے فیصلہ کے پیرا نمبر 13 کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ان کے سپرد کی جائے تاکہ وہ جان سکیں کہ ان کے پیاروں کو کس نے اور کس طرح قتل کیا جبکہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ نے پبلک کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس میں ممکنہ طور پر شہبازشریف ملوث ہیں اور یہ خدشہ ہے کہ وہ کسی بھی لمحے دوسرے ملک منتقل ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ درخواست پر سماعت پیر کے روز ہو گی۔

Scroll To Top