ممبئی کے اسٹوڈیو میں آتشزدگی سے راج کپور کے تاریخی ملبوسات جل کر راکھ

yراج کپو اسٹوڈیو میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ فوٹو: فائل

ممبئی کے فلم اسٹوڈیو میں لگنے والی خوفناک آگ نے ماضی کے معروف بھارتی اداکار راج کپور کی جانب سے فلموں میں استعمال کیے گئے تاریخی ملبوسات جلا کر راکھ کر دیے۔

راج کپوراسٹوڈیو کا سنگ بنیاد اداکار راج کپور نے 1948 میں اپنے ہاتھوں سے رکھا تھا اور اتفاق کی بات یہ ہے کہ یہاں جو پہلی فلم شوٹ کی گئی تھی اس کا نام بھی ’’آگ‘‘ تھا۔ ممبئی میں واقع اس تاریخی اسٹوڈیو کے اس حصے میں آگ لگی جہاں ریئلٹی شو ’’سپر ڈانس سیزن 2‘‘ کا سیٹ لگا ہوا تھا تاہم خوش قسمتی سے اس وقت شوٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔

Sad A major fire broke out at RK StudiosWe have lost the iconic Stage 1 Thankfully no casualties nor injuries. All your concerns appreciated

اب اس اسٹوڈیو کا انتظام راج کپور کے بیٹے رندھیر کپور اور رشی کپور سنبھال رہے ہیں۔ رشی کپور نے اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ آگ کی وجہ سے اسٹوڈیو کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے کیوں کہ اس میں راج کپور کے تاریخی ملبوسات بھی جل گئے ہیں، اسٹوڈیو تو دوبارہ تعمیر ہوجائے گا لیکن یادگاری اشیاء واپس نہیں لائی جا سکتیں۔

A Studio can be built again but the loss of the irreplaceable memorabilia and costumes of all RK Films,is tragic for all. Fire took it away

رشی کپور نے مزید بتایا کہ آگ کے نتیجے میں اسٹوڈیو کا تاریخی اسٹیج نمبر ایک بھی تباہ ہو گیا ہے تاہم خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور چونکہ اسٹوڈیو میں جلد آگ پکڑنے والا سامان موجود تھا اس لیے آگ تیزی سے پھیلی۔

خیال رہے کہ راج کپور اسٹوڈیوز کے بینر تلے بالی ووڈ کی کئی تاریخی فلمیں ریلیز ہوئی ہیں جن میں برسات (1949)، آوارہ (1951)، بوٹ پالش (1954)، شری 420 (1955) بھی شامل ہیں۔

Scroll To Top