آزادی کپ کیلئے ورلڈ الیون کے کھلاڑی تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان پہنچ گئے

آزادی کپ کیلئے ورلڈ الیون کے  کھلاڑی تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے  لئے پاکستان پہنچ گئے

لاہور(این این آئی)آزادی کپ کیلئے ورلڈ الیون کے کھلاڑی تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان پہنچ گئے ۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچی۔ 7 ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کی ٹیم دبئی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی تو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ سمیت کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔کھلاڑیوں میں کپتان فاف ڈپلیسی،عمران طاہر،ہاشم آملہ،بین کٹنگ ،ڈیرن سیمی، سیموئل بدری،تمیم اقبال،پاول کولنگ ووڈ،ڈیوڈ ملر ،تشارا پریرا، ٹن پین،مارنے مورکل،گرانٹ ایلیٹ اور جارج بلنگ شامل ہیں جبکہ سیموئل بدری شام کو لاہور پہنچے ۔ تمام کھلاڑیوں کو ائیرپورٹ پر انتہائی سخت سکیورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا ۔ایئرپورٹ سے مال روڈ ہوٹل تک روٹ سے ملحقہ شاہراہیں بند کر دی گئیں تھیں۔ مہمان ٹیم لاہور میں3ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے لاہور پہنچنے پر ایئرپورٹ اور پھر ٹیم ہوٹل میں میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود متعلقہ وڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیم کے ساتھ آئی سی سی کی پاکستان سے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک بھی پاکستان پہنچے جنھوں نے ورلڈ الیون کے اس دورے کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ورلڈ الیون کے اس مختصر دورے کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ضمن میں انتہائی اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ اس دورے کی کامیابی کی صورت میں سری لنکا نے آئندہ ماہ پاکستان آکر ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا نومبر میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے لاہور آنا بھی سکیورٹی کی تسلی بخش صورتحال پر مشروط ہے۔

Scroll To Top