کرپشن میں لتھڑے حکمران جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، اعتزاز احسن

  • حکمران تسلیم کر لیں کہ وہ منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے ، جو مرضی کرلیں پانامہ لیکس سے اپنا پیچھا نہیں چھڑا سکیں گے، رہنما پی پی پی

اعتزاز احسنلاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت اپنے خلاف سازش کا بے بنیاد واویلا کر رہی ہے اور پوری قوم اس سے آگاہ ہے ، اپوزیشن کی کوئی بھی جماعت جمہوری نظام کے خلاف نہیں بلکہ حکمران خود اس کےلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ حکمران خاندان کی طرف سے جے آئی ٹی میں پیش کئے جانے والے ثبوتوں کے حوالے سے روز نیا انکشاف سامنے ہو رہا ہے ۔ ایک منصوبہ بندی کے تحت سازش کا واویلا کر کے دًھول اڑائی جارہی ہے لیکن قوم حکمرانوں کے چہرے پہچان چکی ہے ۔ حکمران جماعت بتائے ان کے خلاف کون سازش کر رہا ہے لیکن یہ نہیں بتائیں گے کیونکہ ان کے پاس ا س کا کوئی جواب نہیں ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کےلئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اس سے دریغ نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں جمہوری نظام کے حق میں ہیں ۔ کرپشن میں لتھڑے ہوئے حکمران نظام کےلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکمران تسلیم کر لیں کہ وہ منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے ، حکمران جو مرضی کرلیں پانامہ لیکس سے اپنا پیچھا نہیں چھڑا سکیں گے۔

Scroll To Top