ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر جنید خان اور عمر اکمل پر جرمانہ

kایک ماہ تک دونوں کرکٹرز کے رویے کی نگرانی بھی کی جائے گی، پی سی بی – فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی نے پاکستان ون ڈے کپ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر جنید خان اور عمر اکمل پر میچ فیس کا 50,50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جنید خان اور عمر اکمل نے پاکستان ون ڈے کپ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی جس پر پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50,50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے جب کہ 18 مئی سے ایک ماہ تک دونوں کرکٹرز کے رویے کی نگرانی بھی کی جائے گی اور اس دوران پھر ایسی غلطی کے ارتکاب پر ایک ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے کپ کے دوران پنجاب کی قیادت کرنے والے عمر اکمل نے میچ سے قبل گفتگو میں کہا تھا کہ ٹیم کے پیسر جنید خان غائب ہیں ، مجھے اور ٹیم منیجمنٹ کو اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بعد ازاں جنید خان نے سوشل میڈیا پر وڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بیماری کے سبب ڈاکٹر کے مشورے پر میچ میں شرکت نہیں کی، ٹیم منیجمنٹ اور کپتان کو آگاہ کر دیا تھا۔

Scroll To Top