جسٹن بیبر نے بھارتیوں کو بے وقوف بنادیا

cپاپ گلوکار نے بھارت میں اپنے کنسرٹ بھی صرف 4 گیت ہی لائیو گائے اور باقی گانوں پر صرف ہونٹ ہلاتے رہے، فوٹو؛بشکریہ بالی ووڈ لائف

ممبئی: معروف پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے لائیو کنسرٹ کے نام پر بھارتیوں کو چونا لگا دیا اور 2 گھنٹے کے کنسرٹ میں صرف 4 گیت ہی لائیو گا سکے جب کہ باقی گانوں پر صرف ہونٹ ہلاتے رہے۔

معروف پاپ گلوکار جسٹن بیبر کے ممبئی میں لائیوکنسرٹ کی تیاریاں کئی روز سے زورو شور سے جاری تھیں اور کنسرٹ میں شرکت کے لیے عام نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ شخصیات بھی بے تاب تھیں جب کہ کنسرٹ کے ٹکٹ بھی انتہائی مہنگے داموں خریدے گئے اور سب سے مہنگا ٹکٹ 76 ہزار سے زائد میں فروخت ہوا لیکن اس کے باوجود بھی فرمائشوں کی طویل فہرست تھمانے والے جسٹن بیبر نے بھارتیوں کو چونا لگادیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن بیبر کے ممبئی میں ہونے والے لائیو کنسرٹ میں بھارت بھر سے 45 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی لیکن 2 گھنٹے کے کنسرٹ میں جسٹن بیبر نے صرف 4 گیت ہی لائیو گائے اور باقی گانوں پر صرف ہونٹ ہلا کر بھارتیوں کو بے وقوف بنادیا۔

کنسرٹ میں شریک معروف ہدایتکار انوراگ باسو نے بھی جسٹن بیبر کے بھارتیوں کو بے وقوف بنانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ہدایتکار کا کہناتھا کہ میں جسٹن بیبر کا بڑا مداح ہوں اور میں کنسرٹ کے دوران وی وی آئی پی سیٹ چھوڑ کراسٹیج کے قریب چلا گیا تھا لیکن مجھے اس وقت سخت مایوسی ہوئی کہ جسٹن زیادہ تر گیتوں پر ہونٹ ہلارہے تھے۔

دوسری جانب جسٹن بیبر کو لائیو کنسرٹ کے نام پر بھارتیوں کو بے وقوف بنانے پر سوشل میڈیا پرآڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے اور کئی افراد نے جسٹن بیبر سے متعلق نازیبا الفاظ تک کہہ ڈالے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹن بیبر کا لائیو کنسرٹ 10 مئی کوممبئی میں منعقد ہوا تھا اور گلوکار نے بھارت آمد کے موقع پر انتظامیہ کو اپنی فرمائشوں کی طویل فہرست بھی دی تھی۔

Scroll To Top