سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط نہ ہوسکے

  • رینجرز نے ہیلپ لائن اور ای میل سروسز بند کر دیں ،رینجرزسے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے، محکمہ داخلہ سندھ

رینجرز نے اختیارات میں توسیع نہ ملنے پر کارروائیاں محدود کردی ہیں۔  فوٹو؛ فائل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ میں رینجرز کے اختیارات ختم ہوئے3 روز ہوگئے مگر وزیراعلیٰ سندھ نے اب تک سمری پر دستخط نہیں کیے جب کہ رینجرز نے بھی اختیارات میں توسیع نہ ملنے پر کارروائیاں محدود کردی ہیں۔رینجرز کے اختیارات کی مدت جمعے کی رات 12 بجے ختم ہوئی تھی جس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے وزیراعلیٰ کو سمری بھیجی تاہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اب تک سمری پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے اختیارات میں توسیع نہ ملنے پر جہاں کارروائیاں محدود کردی ہیں وہیں کراچی میں قائم رینجرز کی بیشترچوکیاں بھی خالی کردی گئی ہیں۔دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بنائی جانے والی رینجرز کی ہیلپ لائن 1101 اور ای میل سروسز بھی غیر فعال ہو گئیں، ہیلپ لائن پر روزانہ سینکڑوں افراد رابطہ کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائیاں کرتی تھی تاہم اختیارات کی مدت ختم ہوتے ہی کارروائیاں بھی روک دی گئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے وضاحت کی ہے کہ رینجرز کی خدمات واپس لینے کا تاثر غلط ہے، رینجرز کو انٹلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کا مینڈیٹ حاصل ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق سول انتظامیہ کی مدد کے لئے رینجرز ریکوزیشن کی قانونی پوزیشن ایک سال کیلئے ہے، نوٹیفکیشن کے تحت رینجرز کے قیام کی مدت رواں سال انیس جولائی تک ہے، چوکیوں کے قیام، گشت اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی میں رینجرز پولیس کو مدد فراہم کریگی۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لئے ہر 3 ماہ بعد اختیارات میں توسیع کی جاتی ہے لیکن سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان تنازع کی وجہ سے ہر بار کی طرح اس بار بھی یہ معاملہ لٹک گیا ہے۔ ادھرمحکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ رینجرز سے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے رینجرز کو ایک سال کے اختیارات دیئے گئے تھے جو 19 جولائی کو ختم ہوں گے۔محکمہ داخلہ سندھ کا رینجرز اختیارات سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ رینجرز سے اختیارات واپس لینے کا تاثر غلط ہے رینجرزتعیناتی کی توسیع 20 جولائی 2016 تا 19 جولائی 2017 ہے، رینجرز کے پاس آرٹیکل 147 کے تحت 12 ماہ کے قیام کے اختیارات موجود ہیں جو ابھی تک ختم نہیں ہوئے، رینجرز کو واپس بلائے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں، رینجرز قانونی طور پرمینڈیٹ کے تحت کردار ادا کررہی ہے۔

Scroll To Top