اسلام خطرہ۔۔۔ اسلامسٹ خطرناک ! 12-02-2011

10فروری کو ایرانی سفارت خانے میں ایران کے قومی دن کے موقع پر ایک پرُتکلف تقریب کا اہتمام ہوا جس میں میری ملاقات تیونس کے سفیر سے ہوئی تو میں نے کہا۔
” آپ کو انقلاب مبارک ہو۔“
” تھینک یو مگر مصر میں کیا ہوگا ؟“ وہ ذرا جھینپ کر اور ذرا مسکرا کر بولے۔
” تیونس اور مصر میں اسلامسٹوں کے ابھرنے کا امکان کیا ہے ؟“ میں نے جواباً سوال کردیا۔
” تیونس میں تعلیم کی شرح بہت زیادہ ہے ۔ اس لئے وہاں ایسا کوئی خطرہ نہیں۔ “ انہوں نے جواب دیا۔
” آپ تو یوں کہہ رہے ہیں کہ جیسے تیونس مسلمانوں کا ملک نہ ہو۔ “ میں نے کہہ دیا۔
” ہم مسلمان ہیں مگر اسلامسٹ نہیں۔“ وہ بولے۔
” کیا اسلام کو دین خداوندی سمجھے بغیر کوئی شخص مسلمان بن سکتا یا کہلا سکتا ہے؟“ میں نے پوچھا۔
” نہیں۔“ وہ بولے۔
” پھر آپ اسلام کو خطرہ کیوں سمجھتے ہیں ؟ مغرب اسلام کو خطرہ سمجھنے اور اسلامسٹوں کو خطرناک قرار دینے میں حق بجانب ہے کیوں کہ ہماری باہمی محاذ آرائی صدیوں پرانی ہے۔ مغرب سپین اور پرتگال پرعربوں کے قبضے اور مشرقی یورپ پر ترکوں کی یلغار کو نہیں بھولا۔ مگر آپ اپنے دین کو خطرہ قرار دینے پر کیو ںمجبور ہیں؟ “ میں نے پوچھا۔
” ایسی تو کوئی بات نہیں۔ مگر کیا یہ کافی نہیں کہ ہم مسلمان ہیں اور خود کو مسلمان قرار دیتے ہیں ؟“ وہ بولے۔
”ہم مسلمان اس لئے ہیں کہ ہم اسلام کو مانتے اور اس کے پیروکار ہیں۔ اوراگر ہم اسلام کو مانتے اور اس کے پیروکار ہیں تو ہم خود کو اسلامسٹ کہتے وقت جھجکتے کیوں ہیں۔ یہ مغرب کا کمال ہے کہ اس نے انتہا پسندی ` قتل و غارت اور دہشت گردی اسلامسٹوں کے کھاتے میں ڈال دی ہے ` اور یوں وہ مسلمانوںکو اس دباﺅ میں لے آیا ہے کہ وہ خود کو اسلامسٹ ظاہر نہ کریں۔ مگر میرے بھائی کوئی بھی مسلمان اسلامسٹ ہوئے بغیر مسلمان نہیں ہوسکتا۔ مجھے اسلامسٹ ہونے پر فخر ہے۔ میرے خیال میں یہ فخر آپ کو بھی ہونا چاہئے۔۔۔“ میں نے کہا۔وہ میری اس صافگوئی پر ذرا پریشان تھے۔ میں نے کہا ۔
” گھبرائیں نہیں۔ آس پاس سی آئی اے کا کوئی ایجنٹ نہیں جو برا منائے گا۔“
میری اس بات پر وہ ہنسے ۔ پھر بولے۔
” آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں۔“
” آپ دیکھیں گے میرے بھائی۔ “ میں نے کہا ۔ ” کہ انقلاب کی جو ہوا عرب دنیا میں چلی ہے وہ اس سوچ کو خس و خاشاک کی طرح اڑا بہا لے جائے گی کہ اسلام اور جدیدیت میں کوئی تضاد ہے۔ اور آپ کے ملک میں تو ابن خلدون نے جنم لیا تھا جس کی فکر نے مغرب کو بھی رہنمائی فراہم کی ۔۔۔“

Scroll To Top